حیدرآباد: وکرم آدتیہ موٹوانی کی ہدایت کاری میں بننے والی ڈرامہ سیریز جوبلی کا ٹریلر جمعہ کو ریلیز کردیا گیا ہے۔ یہ آئندہ سیریز ایک نئے آزاد بھارت کی ایک جھلک پیش کرتی ہے۔ سیریز کی کہانی ہندی فلم انڈسٹری کے ارد گرد گھومتی ہے۔ جوبلی کا ٹریلر آپ کو پرانے ہندی فلموں کا ایک احساس دلاتا ہے ساتھ ہی ٹریلر سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ہمیں اس سیریز میں زبردست پرفارمنس دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
- " class="align-text-top noRightClick twitterSection" data="">
جوبلی کی کہانی بھارت کی آزادی کے بعد ہندی فلم انڈسٹری میں آئی ارتقاء کی جھلک پیش کرتا ہے۔ اس سیریز میں محبت، دھوکہ، جدوجہد، بدلہ جیسے کئی انسانی جذبات دیکھنے کو ملیں گے۔ یہ کہانی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے خواہشمند لوگوں کی آزمائش اور جدوجہد پر مرکوز ہوگی۔ اس سیریز کے 10 ایپیسوڈ ہوں گے جس میں پروسینجیت چٹرجی، ادیتی راؤ حیدری، اپار شکتی کھرانہ، ومیکا گبی، سدھانت گپتا، نندیش سندھو اور رام کپور بھی اہم کردار میں ہوں گے۔
جہاں اتل سبھروال نے جوبلی کے لیے اسکرین پلے اور مکالمے لکھے ہیں وہیں موٹوانی نے شومک سین کے ساتھ مل کر شو کو بنایا ہے اور اسے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس سیریز کو مشترکہ طور پر ریلائنس انٹرٹینمنٹ، اندولن فلمز اور فینٹم اسٹوڈیو نے پروڈیوس کیا ہے۔ جوبلی کو دو حصوں میں پرائم ویڈیو پر ریلیز کیا جائے گا۔ سیریز کا پہلا حصہ 7 اپریل کو نشر ہونا شروع ہوگا اور دوسرا حصہ 14 اپریل کو ریلیز ہوگا۔ بھارت سمیت 240 ممالک کے شہری پرائم ویڈیو پر یہ سیریز دیکھ سکتے ہیں۔