ستیہ پریم کی کتھا کے میکرز نے گزشتہ روز فلم کا نیا گانا پسوڑی نو ریلیز کیا، جو اصل میں مقبول پاکستانی گانا پسوڑی کا ریمیک ہے۔ اصل گانے کو پاکستانی گلوکار علی سیٹھی اور شے گل نے گایا ہے۔ اس ریمیک کو کیارا اڈوانی اور کارتک آرین پر فلمایا گیا ہے۔ پسوڑی کے ریمیک کو سوشل میڈیا پر شائقین کی جانب سے ملا جلا ردعمل ملا ہے حالانکہ زیادہ تر لوگوں نے اس بات کو ناپسند کیا ہے۔ Arijit Singh on Pasoori remake
سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے سوال کیا ہے کہ اریجیت سنگھ، علی سیٹھی کے کلاسک کو دوبارہ بنانے کے لیے کیوں راضی ہوں گے، جو پہلے ہی ایک مقبول گانا ہے۔ اب اریجیت سنگھ کے غیر تصدیق شدہ ٹویٹر اکاؤنٹ سے ان کے ٹویٹس کے چند اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں۔ انہی میں سے ایک ٹویٹ میں اس بات کا ذکر کیا گیا ہے کہ انہوں نے ریمیک کے لیے ہاں کیوں کہا۔
اریجیت سنگھ نے ایک ٹویٹ میں پسوڑی کے ریمیک گانے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے گلوکار سے سوال کیا کہ کیا میں ایک ایک بات پوچھ سکتا ہوں؟ آپ نے اس کے لیے ہاں کیوں کہا؟ میرا مطلب ہے کہ یہ آپ کی پسند ہے لیکن ایک تجسس ہے۔ اس کے جواب میں اریجیت نے اپنے غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'میکرز نے مجھے غریبو کے اسکول کے لیے سالانہ فنڈ دینے کا وعدہ کیا ہے'۔ اگرچہ یہ بات یقین سے نہیں کہی جاسکتی کہ یہ اریجیت کا اصلی اکاؤنٹ ہے یا نہیں، لیکن ان کے ٹویٹر ہینڈل پر ایک لاکھ سے زائد فالوورز ہیں جن میں کچھ مشہور شخصیات جیسے ارمان ملک، نیتی موہن اور دیگر شامل ہیں۔
وہیں ایک اور سوشل میڈیا صارف نے اریجیت سے کہا کہ پسوڑی نو گانے پر ملنے والے ردعمل سے غمگین نہ ہوں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ 'نہیں نہیں، میں ہمیشہ جانتا تھا کہ اس پر ردعمل ہوگا اور میں بالکل اداس نہیں ہوں'۔ سمیر ودوان کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ستیہ پریم کی کتھا میں کیارا اڈوانی اور کارتک آرین مرکزی کردار میں ہیں۔ یہ فلم بھول بھولیا 2 کے بعد دونوں اداکاروں کی ایک ساتھ دوسری فلم ہوگی۔ فلم 29 جون 2023 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ پسوڑی نو کے علاوہ ستیہ پریم کی کتھا البم کے پہلے ریلیز ہونے والے گانے نصیب سے، آج کے بعد، گجو پٹاخہ اور سن سجنی شامل ہیں۔