نئی دہلی: اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کو 200 کروڑ کی دھوکہ دہی کرنے والے ٹھگ سکیش چندر شیکھر سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں بڑی راحت ملی ہے۔ دہلی کی ایک عدالت نے منگل کو اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کو 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت دے دی ہے جس کا کلیدی مجرم سکیش چندر شیکھر ہے۔ Money Laundering Case
خصوصی جج شیلیندر ملک نے 50 ہزار روپے کے مچلکے پر رہائی دیتے ہوئے اداکارہ کو اتنی ہی رقم کی ضمانت بھی جمع کرنے کو کہا ہے۔ جج نے 31 اگست کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے دائر کردہ ایک ضمنی چارج شیٹ کا نوٹس لیا تھا اور فرنانڈیز کو عدالت میں حاضر ہونے کو کہا تھا۔
فرنانڈیز، جنہیں ای ڈی نے اس معاملے میں کئی بار طلب کیا تھا، کو ضمنی چارج شیٹ میں پہلی بار ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔ ای ڈی کی سابقہ اور ضمنی چارج شیٹ میں ان کا ملزم کے طور پر ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ تاہم ان دستاویزات میں فرنانڈیز اور اداکارہ نورا فتحی کے بیانات کی تفصیلات کا ذکر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ای ڈی کے مطابق فرنانڈیز اور بالی ووڈ اداکارہ نورا فتحی نے چندر شیکھر سے مہنگی کاریں اور دیگر تحائف لیے تھے۔ وہیں جیکلین اور فرنانڈیز کے علاوہ اس معاملے میں نکی تمبولی چاہت کھنہ، صوفیہ سنگھ اور اروشا پاٹل جیسے دیگر اداکارہ کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔دہلی پولیس نے ان اداکارؤں سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔ چندر شیکھر نے ان چار اداکارؤں کو بھی گُچی، ورساچئے اور لوئی ویٹون جیسے مہنگے برانڈ کے تحائف دیے ہیں۔