ممبئی: سپر اسٹار عامر خان نے جمعرات کو کہا کہ وہ ایک سال بعد اداکاری میں واپسی کریں گے اور بڑی اسکرین سے دور رہ کر وہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنا چاہیں گے۔ عامر خان جن کی آخری فلم لال سنگھ چڈھا باکس آفس پر ناکام رہی، وہ آئندہ فلم سلام وینکی میں ایک خاص کردار میں نظر آئیں گے۔Aamir Khan Return to Big Screens
تاہم 57 سالہ اسٹار کا فی الحال کسی بھی فلم میں کام کرنے کا کوئی ارادنہ نہیں ہے۔ عامر خان نے ریوتی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم سلام وینکی کے پریمیئر کے موقع پر صحافیوں کو بتایا کہ ' میں ابھی کچھ نہیں کر رہا ہوں، میں طویل عرصے سے کام کر رہا ہوں اس لیے اب میں فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ پانی فاؤنڈیشن پر کام جاری ہے اور اس کے علاوہ کچھ اور بھی کام ہیں۔ میں ایک سال بعد اداکاری میں واپس آؤں گا۔ لیکن آپ مجھے اس فلم (سلام وینکی) میں ایک چھوٹے کردار میں دیکھ سکتے ہیں'۔
سپر اسٹار نے پچھلے مہینے فلمی دنیا سے کچھ وقت کے لیے وقفہ لینے کے بارے میں اپنے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔ سلام وینکی، جس میں کاجول اور وشال جیٹھوا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، کی کہانی شطرنج کے نوجوان کھلاڑی کولاوینو وینکٹیش کی زندگی پر مبنی ہے، جنہیں Duchenne Muscular dystrophy (DMD) بیماری تھی۔ ان کا انتقال 2004 میں 24 سال کی عمر میں ہوگیا تھا۔
ڈی ایم ڈی ایک جینیاتی بیماری ہے جو اسکیلیٹل اور دل کے پٹھوں کی کمزوری کا سبب بنتا ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ بدتر ہو جاتا ہے۔ وینکٹیش کی موت نے بھارت میں یوتھنیشیا، جسے عام طور پر رحم کی موت کے نام سے جانا جاتا ہے، کے بارے میں ایک بحث کو جنم دیا۔ خان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ ریوتی نے انہیں ایسی "دل کو چھونے والی" اور "متاثر کن" کہانی کا حصہ بننے کا موقع دیا۔
اداکار نے کہا کہ 'مجھے خوشی ہے کہ ریوتی نے مجھے اس فلم کا حصہ بننے کا موقع دیا... یہ ایک سچی کہانی ہے۔ وینکی کچھ سال پہلے زندہ تھے۔ ان کی ماں سجتا اور ان کی کہانی بہت متاثر کن ہے۔ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ ریوتی نے اس پر ایک فلم بنائی ہے۔ یہ فلم بہت خوبصورت اور متحرک ہے۔ ہر فنکار نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ مجھے اس فلم کا حصہ بننے پر خوشی اور فخر ہے۔
سلام وینکی کو سورج سنگھ، شردھا اگروال، اور ورشا کوکریجا نے بی لائیف پروڈکشنز اور آر ٹیک اسٹوڈیوز کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔ فلم جمعہ کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔