عامر خان کی فلم 'لال سنگھ چڈھا' رواں سال کی سب سے زیادہ متوقع فلموں میں سے ایک تھی لیکن باکس آفس پر بری طرح سے ناکام ہونے سے فلم کے مرکزی اداکار کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ریلیز کی تاریخ میں مسلسل تبدیلیوں سے لے کر 'بائیکاٹ لال سنگھ چڈھا' کے ٹرینڈ تک فلم کو ریلیز سے قبل متعدد روکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اب ایک تازہ رپورٹ کے مطابق عامر نے پروڈیوسر وائیکام 18 کو ہونے والے نقصان کو پورا کرنے کے لیے اپنی فیس چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔Amir Khan Forgo his fee for Laal Singh Chaddha
جہاں عامر خان نے فلم لال سنگھ چڈھا کے لیے اپنی زندگی کے چار سال دیے، وہیں کرینہ کپور کو اس فلم میں اپنے کردار کے لیے آڈیشن بھی دنیا پڑا تھا۔ لیکن فلم گھریلو باکس آفس پر 60 کروڑ روپے بھی کمانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
بالی ووڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق، پروڈیوسر وائیکام 18 کو فلم پر 100 کروڑ کا نقصان ہوا لیکن اگر عامر اپنی فیس چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو اسٹوڈیو کے لیے یہ نقصان نسبتاً کم ہوسکتا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ' انہوں نے فلم پر تقریبا چار سال کام کیا لیکن انہوں نے اس سے ایک روپیہ تک نہیں کمایا ہے ۔لال سنگھ چڈھا میں کام کرنے کے لیے ان کی فیس 100 کروڑ روپے سے زیادہ ہوتی ہے لیکن انہوں نے فلم کی ناکامی کا مکمل الزام خود پر لیتے ہوئے تمام نقصانات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے'۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ ہنگامہ کی ایک سابقہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ہالی ووڈ فلم فارسٹ گمپ کے ریمیک کی ناکامی کے بعد عامر خان پروڈکشن اور اسٹوڈیو کے درمیان اختلافات بڑھ گئے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق اسٹوڈیو کی جانب سے فلم کی تشہیری سرگرمیوں کی منظوری نہیں دی گئی تھی جس کی وجہ سے دونوں میں اختلافات پائے گئے تھے۔
اس فلم میں کرینہ کپور، ناگا چیتنیا، مونا سنگھ بھی اہم کردار میں نظر آئے تھے۔ لال سنگھ چڈھا کی تحریر اتل کلکرنے لکھی ہے اور ادویت چندن نے اس کی ہدایتکاری کی۔ یہ فلم اکشے کمار کی فلم رکشا بندھن کے ساتھ ریلیز ہوئی تھی لیکن پہلے دن باکس آفس پر صرف 11.70 کروڑ روپے کمانے میں کامیاب ہوئی۔ اگلے ہفتے فلم کی مجموعی کمائی 50.98 کروڑ روپے رہی جو توقعات سے کافی کم تھی۔
آپ کو بتادیں کہ لال سنگھ چڈھا کو ریلیز کے چھ ماہ بعد او ٹی ٹی پلیٹفارم پر ریلیز کرنے کی بات کہی گئی تھی لیکن باکس آفس پر فلم کی خراب کمائی نے میکرز کو فلم کو آٹھ ہفتوں بعد ہی او ٹی ٹی پر ریلیز کرنے کے لیے مجبور کردیا ہے۔