اسپورٹس پلیٹفارم ڈریم 11 کے ایک نئے اشتہار میں عامر خان اور جسپریت بمراہ نظر آرہے ہیں۔ یہ اشتہار آن لائن لوگوں کی توجہ حاصل کر رہا ہے جس میں اداکار عامر خان اپنی حالیہ ریلیز فلم لال سنگھ چڈھا کا خود مذاق اڑاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اس فلم کو فلمی ناقدین اور شائقین کی جانب سے ملے جلے ردعمل ملے تھے اور یہ فلم باکس آفس پر زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرپائی تھی۔ Aamir Khan Joking About LSC
فلم کی ناکامی کے بعد عامر نے کچھ وقت تک فلموں سے چھٹی لینے کا اعلان کیا تھا۔ اب اداکار کو ڈریم 11 کے اشتہار میں دیکھا گیا جو بنیادی طور پر لال سنگھ چڈھا کی ریلیز کے بعد ان کی اسکرین پر واپسی کی نشاندہی کرتا ہے۔
15 سیکنڈ کے اشتہار میں عامر بمراہ سے کہتے ہیں کہ ' بوم بوم، بال دھیان سے ڈالیو، بڑے بڑے ہٹ مارتا ہوں'۔ جس کے جواب میں بمراہ نے کہا کہ ' اتنے ہٹ مارتے ہو سر تو لال سنگھ کا کیا ہوا'۔ یہ سن کر عامر انہیں دیکھتے ہیں اور بمراہ کو میدان میں آنے کا چیلنج دیتے ہیں۔
عامر کے اس انداز کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے اداکار کی تعریف کی ہے۔ ٹویٹر پر ایک صارف نے لکھا کہ ' عامر خان نے ڈریم 11 کے اشتہار میں لال سنگھ کا مذاق اڑا کر اتنے پیسے کمالیے ہوں گے جتنا انہوں نے لال سنگھ چڈھا میں نہ کمایا ہوگا'۔ لوگوں نے اداکار کی تعریف کی کہ انہوں نے خود پر ایک مذاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ ادویت چندن کی ہدایت کاری میں بننے والی لال سنگھ چڈھا ہالی ووڈ کی مشہور فلم فارسٹ گمپ کا آفیشل ہندی ریمیک تھا۔ یہ فلم 180 کروڑ روپے کے بجٹ پر تیار کی گئی تھی، لیکن دنیا بھر کے باکس آفس پر بمشکل 130 کروڑ روپے کما سکی۔ فلم سے زیادہ فلم میں عامر خان کی اداکاری پر زیادہ تنقید کی گئی، حالانکہ فلم کو نیٹفلکس پر ریلیز کیے جانے بعد شائقین کی جانب سے زیادہ پذیرائی ملی۔