لاس اینجلس: بھارتی فلمساز شونک سین کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’آل ڈیٹ بریتھز‘ نے دستاویزی فیچر فلم کی کیٹیگری میں نامزدگی حاصل کرنے کے بعد 95ویں آسکر ایوارڈز میں جگہ بنالی ہے۔ اس دستاویزی فلم کو 'آل ڈیٹ بیوٹی اینڈ بلڈ شیڈ'، فائر آف لو'، 'اے ہاؤس میڈ آف اسپلنٹرز' اور 'نیوالنی' جیسی فلموں کے ساتھ نامزد کیا گیا ہے۔ یہ دستاویزی فلم دہلی کی خطرناک فضائی آلودگی اور بڑھتے ہوئے تشدد کے پس منظر میں ترتیب دی گئی ہے۔ گزشتہ سال بہترین لائیو ایکشن شارٹ فلم کا آسکر ایوارڈ جیتنے والے رض احمد اور فلم 'M3GAN' میں اداکاری کرنے والے ایلیسن ولیمز نے نامزدگیوں کا اعلان کیا۔
وہیں کارتیکی گونسالویس کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'دی ایلیفینٹ وِسپرر' نے مختصر دستاویزی فلم کے زمرے میں نامزد ہو کر آسکر کی دوڑ میں جگہ بنا لی ہے۔ یہ مختصر دستاویزی فلم 'ہاؤل آؤٹ' 'ہاؤ ڈو یو میزر اے ائیر؟' (جے روزن بلیٹ فلمز)، ' دی مارتھا مچل ایفیکٹ' (نیٹ فلکس)اور 'اسٹرینجر ایٹ دی گیٹ' کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔
'دی ایلیفینٹ وِسپرر' جنوبی ہندوستان کے ایک جوڑے بومن اور بیلی کے بارے میں ہیں، جو رگھو نامی ایک یتیم ہاتھی کی دیکھ بھال کے لیے اپنی زندگیاں وقف کردیتے ہیں اور ایک ایسے خاندان کا حصہ بنتے ہیں جو انسان اور جانوروں کی دنیا کے درمیان رکاوٹ کو ختم کرتا ہے۔ یہ مختصر دستاویزی فلم کارتیکی گونسالویس کی بطور ہدایتکار پہلی فلم ہے اور اسے سکھیا انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے گنیت مونگا اور اچن جین نے پروڈیوس کیا ہے۔ یہ دستاویزی فلم 8 دسمبر 2022 کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹفلکس پر ریلیز ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ فلم آر آر آر کے 'ناٹو ناٹو' گانے کو آسکر کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ اس گانے کو بہترین اوریجنل گانے کے زمرے میں نامزد کیا گیا ہے۔