اترپردیش کے ضلع سہارنپور کی کرائم برانچ اور تھانہ سٹی کوتوالی پولیس نے 10شاطر ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ آج ایس ایس پی سہارنپور نے صحافیوں کے سامنے اس گروہ کے پردہ فاش کا دعوی کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو کافی وقت سے فرضی آر سی اور ٹرکوں کے چیسس نمبر بدلنے کی اطلاعات مل رہی تھی، جس کے لیے پولیس کو اس کام کے لیے لگایا گیا تھا۔
مخبر کی اطلاعات کی بنیاد پر چیکنگ کے دوران راکیش سینما کے پاس سے 10 ملزمین کو 7 فرضی آر سی اور ٹرکوں کے چیسیس نمبر بدلنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔ ملزمین کی شناخت برج پال عرف پپو ولد رفل سنگھ، احسان علی ولد نسیم احمد، عظیم ولد زندہ حسن، امتیاز علی ولد حبیب علی، راکیش چودھری ولد کٹار سنگھ، روہتاش ولد مانگے رام، شمیم ولد الیاس، راکیش کمار ولد سریندر سنگھ، دانش ولد عرفان، بجیندر سنگھ ولد نکلی سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
ایس ایس پی سہارنپور نے بتایا کہ یہ تمام شاطر قسم کے افراد ہیں۔ یہ لوگ چوری اور فائننس کیے گئے ٹرک کو کم قیمتوں پر خرید کر ان کے چیسیس نمبر کو مٹاکر آر ٹی او دفتر میں سیٹنگ کرکے فرضی ایڈریس کی بنیاد پر کاغذات دے کر ان کی آر سی تیار کراتے تھے اور بڑے منافع کے لیے اس ٹرک پر فائننس کرا دیا کرتے تھے۔ یہ گینگ فائننس کمپنیوں سے مل کر ٹرک اور کار کا فائننس کراتے تھے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ اروناچل سے این او سی بنا کر ہماچل کے کانگڑا سے فرضی آر سی تیار کرا لیتے تھے۔ گرفتار کیے گئے تمام ملزمین کا مجرمانہ ریکارڈ نکالا جارہا ہے۔ سبھی ملزمین پر مقدمہ قائم کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔