کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے نافذ لاک ڈاون کے دوران ممبئی میں پھنسے آندھر پردیش کے ضلع اننت پور کے مزدور بدھ کو بذریعہ ٹرین گنتکل پہنچے۔
آندھر پردیش (اے پی) حکومت کی جانب سے کئے گئے خصوصی ٹرین کے انتظام کے بعد اے پی کے درماندہ مزدور، جن کی تعداد تقریبا1100ہے، اپنے آبائی علاقوں تک پہنچے۔
اے پی کے وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی کوششوں سے ریلویز نے 24بوگیوں والی خصوصی ٹرین کا انتظام کیا جو ممبئی سے گنتکل تک چلائی گئی۔
یہ ٹرین منگل کی شب ممبئی سے روانہ ہوئی اور بدھ کو گنتکل پہنچی۔ اے پی حکومت نے ان کے ٹکٹس، کھانے اور تازہ پانی کا انتظام کیا۔
عہدیداروں نے ان کا طبی معائنہ کیا ان کو کھانے پینے کی اشیاء میسر کیں۔ مزدوروں نے انہیں آبائی ریاست واپس لانے کا انتظام کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔