ریاست اترپردیش میں اپنے دورہ حکومت کے اندر مایاوتی نے پسماندہ طبقات کے لئے کانشی رام آواس یوجنا کی شروعات کی تھی۔
اس اسکیم کا مقصد غریب خاندان کو ایک کیمپس میں پکے مکان کے ساتھ بجلی اور پانی کی سہولت مہیا کرانا تھا۔
اس یوجنا کےتحت کالونیاں تعمیر کی گئیں الاٹمنٹ بھی ہوئے یہاں غریب لوگوں نے رہائش بھی اختیار کر لی، ایسی ہی ایک کالونی مئو شہر سے تین کلومیٹر کی دوری پر بھی تعمیر کرائی گئی تھی۔
لیکن گذشتہ 25 جولائی کو اچانک بھجئوٹی کالونی کے نام سے بسائی گئی کانشی رام آواس یوجنا کی بجلی سپلائی منقطع کر دی گئی، جس کے سبب یہاں عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔
بجلی نہ ہونے سے یہاں رہائش پذیرسیکڑوں خاندان بجلی کے ساتھ ساتھ پانی سے بھی محروم ہو گئے، یہاں تعمیر کی گئی ایک لاکھ لیٹر کی پانی کی ٹنکی مذاق بن کر رہ گئی ہے۔
خواتین کو اوپر پانی لے کر جانا بے حد مشکل ہوتاہے،ایسے میں عمردراز خواتین کو تیسری منزل پر پانی لے کر جانا پڑ رہا ہے۔
کانشی رام آواس یوجنا کے باشندوں کے لیے دن کا چین اور رات کی نیند حرام ہو گئی ہے۔
دن میں سخت گرمی اور رات میں مچھروں کے ساتھ ساتھ چوروں کا ڈر انہیں ستاتا ہے۔
اس معاملہ پر جب ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے ضلع کے پر بھاری اور یو پی کے کابینہ وزیر انل راج بھر کو آگاہ کیا، تو انہوں نے فوری طور پر دیکھنے کی یقین دہانی کرائی۔