اتر پردیش، ضلع مئو کے کوپا گنج علاقے کے دو باشندے دیوریا ضلع میں ہجومی تشدد کا شکار ہونے سے پولیس نے بچا لیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع مئو کے شمیم اور شہاب الدین دیوریا اور کشی نگر اضلاع میں میلے کے دوران کھلونے فروخت کرکے اپنی زندگی کا گزر بسر کرتے تھے۔
شیوراتری کے موقع پر یہ دونوں افراد کشی نگر کے کبیر استھان واقع درگا مندر پر منعقد ہونے والے میلے میں کھلونے فروخت کرنے گئے تھے لیکن لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد گزشتہ 28 روز سے شمیم اور شہاب الدین اسی درگا مندر پر دن رات گزر بسر کر رہے تھے.
دوشنبہ کی دیر شب ان دونوں افراد کو مندر کے پجاری نے کچھ رقم دے کر مئو کے لئے روانہ کر دیا تھا جس کے بعد یہ دونوں فرد کسی طرح تیس کلومیٹر دور رودر پور پہنچے جہاں تشدد پر آمادہ ہجوم نے شمیم اور شہاب الدین کو گھیر لیا لیکن پولس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں کو ہجوم سے بچا لیا اور پھر انکو کورنٹین سینٹر پہنچایا گیا.