شعبہ اردو کے صدر پروفیسر آفتاب احمد آفاقی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'اس برس ڈپلومہ ان ٹرانسلیشن اینڈ ماس میڈیا کے کورس کا آغاز کیا گیا ہے جس کی معیاد ایک برس ہے، دو سیمسٹر میں کورس مکمل ہوگا اور فیس 15 ہزار روپے ہے۔ داخلے کی ساری کارروائی آن لائن یونیورسٹی کے ویب سائٹ پر موجود ہے، وہاں سے خواہش مند طلبا مذکورہ کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں'۔
انہوں نے بتایا کہ 'خواہش مند طلبا و طالبات گریجویشن کی مارک شیٹ کے ذریعے اس کورس میں داخلہ لے سکتے ہیں، خاص طور سے اردو جاننے والوں کے لیے اس پروفیشنل کورس کا آغاز کیا گیا ہے جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوسکیں گے'۔
انہوں نے بتایا کہ 'اس کورس کا نصاب میڈیا کے ماہرین کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے خاص کر بی ایچ یو، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور جے این یو کے پروفیسرز سے تعاون لیا گیا ہے'۔
انہوں کہا کہ 'مجھے پوری امید ہے کہ اس کورس کے ذریعے اردو داں طلباء کے لیے میڈیا میں بہتر روزگار کے مواقع ملیں گے'۔
پروفیسر آفاقی نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'اہم بات یہ ہے کہ اس کورس میں داخلے کے لیے انٹرنس امتحان نہیں رکھا گیا ہے جس سے طلباء و طالبات بآسانی داخلہ لے سکیں گے'۔