اس اسکیم کو عوام تک پہنچانے کے لیے مختلف ذرائع کا استعمال کیا جارہا ہے، جس میں ایک ذریعہ نکڑ ناٹک بھی ہے۔ ان ناٹکوں میں آیوشمان بھارت کی افادیت بتائی جاتی ہے اور اس کے بارے میں اطلاعات فراہم کی جاتی ہیں۔
یہ ناٹک بڑے بڑے ہسپتالوں میں منعقد ہوتے ہیں۔ بنارس کے ایک ذاتی ہسپتال میں یہ ناٹک دکھایا گیا، جس میں مریضوں کو بتایا گیا کہ آیوشمان بھارت کے تحت ان لوگوں کا پانچ لاکھ روپے تک کا مفت علاج کیا جائے گا اور اس کے پہلے ہونے والی جانچ مفت میں کی جائے گی۔
ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے جب ان کو یاد دلایا کہ آیوشمان بھارت میں ایسا کوئی پروسیجر نہیں ہے جس میں بھرتی کے پہلے ہونے والی جانچ مفت میں کی جائے تو ان لوگوں نے کہا کہ نہیں ایسا ہے اور وہ اس بات پر بضد رہے کہ جانچ مفت میں کی جائے گی۔ پھر اس کے بعد نمائندے نے ہسپتال میں موجود آیوشمان بھارت کے دفتر سے رابطہ قائم کیا اور ان کو بتایا کہ نکڑ ناٹک میں اس طرح کی جانکاری دی جارہی ہے کہ مریض کی بھرتی سے پہلے ہونے والی جانچ بھی مفت میں ہوگی۔
آفیس والوں نے اس بات کا انکار کیا اور کہا کہ ایسا کوئی پروسیجر آیوشمان بھارت میں نہیں ہے بلکہ مریض کو پہلے تمام جانچیں اپنے پیسے سے کرانی ہوں گی۔ اس کے بعد ڈاکٹر بھرتی لکھے گا اگر ضرورت ہوگی۔
ان سے کہا گیا کہ آپ کے شعبے کی جانب سے نکڑ ناٹک میں اس طرح سے بتایا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا وہ غلط ہے۔ وہ تشہیر کا شعبہ ہے جس سے ہم لوگوں کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
اس سلسلے میں جب وہاں موجود مریض کے ساتھیوں سے گفتگو کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو پہلے اپنے پیسے سے جانچ کرانی پڑتی ہے اس کے بعد ڈاکٹر فیصلہ کرتا ہے کہ اس کی بھرتی ہوگی یا نہیں اور جب بھرتی ہوتی ہے تب علاج شروع ہوتا ہے، جو مفت ہوتا ہے ۔
انہوں نے شکایت کی کہ آیوشمان بھارت کے مریضوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جاتا اور بل وغیرہ بنانے میں کافی وقت لگایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے بہت دقت ہوتی ہے۔ ہمیشہ پورٹل جام رہتا ہے۔ انہوں نے ان چیزوں کو آسان بنانے کے گزارش کی تاکہ مریضوں کو زیادہ دقت نہ ہو۔