جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور کے ضلع جیل میں انتظامیہ نے کورونا بحران کے بعد پہلی بار قیدیوں کو اپنے اہل خانہ سے ملاقات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔تقریبا 11 مہینوں بعد جیل انتظامیہ کی جانب سے قیدیوں کو ان کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔جس کے لیے انتظامیہ کی جانب سے قیدیوں کو عالمی سطح کی سہولیات مہیا کروائی جائے گی۔
اب قیدی شیشے کے کیمرے سے اپنے اہل خانہ سے انٹرکام کی سہولیات کی مدد سے ملاقات کرپائیں گے۔کورونا بحران سےقبل قیدیوں کو سیدھے طور پر اہل خانہ سے ملنے کی اجازت نہیں ملتی تھی، لیکن کورونا وبائی مرض کے بعد سے ضلع جیل انتظامیہ کی جانب سے یہ سہولیات قیدیوں کے لیے مہیا کروائی جارہی ہے۔
ضلع جیل کے سپریٹینڈیٹ ہریش کوتوال نے اس کی جانکاری آج نامہ نگاروں کو دی۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی جیل وی کے سنگھ کے ہدایت پر یہ تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہے، جس کے تحت خواتین قیدیوں کے لیے علیحدہ کمرہ تیار کیا گیا ہے، جبکہ مرد قیدیوں کے لیے علیحدہ کمرہ بنایا گیا ہے۔یہاں پر وہ ایک کمرے میں بیٹھ کر شیشے کے قریب آکر اپنے اہل خانہ سے انٹرکام پر بات کرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو پہلی بار اس طرح کی عالمی سطح کی سہولیات فراہم کروائی گئی ہے۔
وہیں انتظامیہ کی یہ سہولیات قیدیوں کے اہل خانہ کو پسند آئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پہلے جالی کے پیچھے بیٹھ کر بات کرنی پڑتی تھی، جس میں شکل بھی صاف نظر نہیں آتی تھی لیکن اب اس سہولیت سے ہم آرام سے ملاقات کر پارہے ہیں۔