ریاست گجرات کے شہر صورت میں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک 61 سالہ خاتون کی موت ہوگئی۔ خاتون کو علاج کے لیے کچھ روز قبل اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
صورت شہر میں کورونا سے ہونے والی دوسری موت تھی۔ بتایا جارہا ہے کہ اس عورت نے بھی حالیہ دنوں میں کوئی بیرونی سفر کی تھی لیکن کسی کورونا متاثر کے رابطے میں آئی تھی جس کی وجہ سے وہ بھی کورونا سے متاثر ہوگئی تھیں۔
محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری جینتی روی نے بتایا کہ ریاست میں ایک ہی دن میں ریاست میں کل 14 نئے کورونا مثبت واقعات سامنے آئے ہیں۔ جس میں احمد آباد سے 8، بھاون نگر اور صورت سے 2-2، وڈودرا چھوٹا ادے پور سے 1-1 معاملے درج کیے گئے ہیں۔ 14 نئے کیسوں کے ساتھ ریاست میں مجموعی طور پر 122 کورونا مثبت مریض سامنے آئے ہیں اور ان میں سے 72 مقامی منتقلی کے کیسز ہیں۔
اس نئے اندراج شدہ معاملے میں چھوٹا ادے پور کے بوڈیلہ میں رہنے والا ایک شخص دہلی کے نظام الدین میں واقع جماعت کے مرکز سے واپس آیا تھا۔ دو دن قبل ان افراد کے ساتھ کل 8 افراد کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جس میں اس نوجوان کا ٹیسٹ کورونا مثبت آیا ہے۔
ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ وزارت صحت و خاندانی بہبود کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 3،072 ہوگئی ہے جس میں 76 کی موت ہوگئی ہے جبکہ 212 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔