جموں و کشمیر اور لداخ میں یکساں تعلیمی کلینڈر کے نفاذ کے لئے باضابطہ طور پر احکامات صادر کئے گئے ہیں،اس سلسلے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے باضابطہ طور ایک حکم نامہ جاری کیا ہے۔ حکم نامے کے مطابق جموں و کشمیر کے اسکولز میں مارچ کے پہلے ہفتہ میں جموں و سمر زون کے موجودہ اکیڈمک کلینڈرکے مطابق امتحانات منعقد کئے جائینگے-
اس حکمنامہ میں جموں وکشمیر کے چند مخصوص علاقے مستثنی رہیں گے۔ ان مخصوص علاقوں میں اپریل کے دوسرے ہفتہ میں امتحانات منعقد کئے جائینگے، امتحانات بھلے ہی مارچ اور مخصوص علاقوں میں اپریل میں ہونگے،تاہم نتیجہ کا اعلان ایک ساتھ کیا جائیگا۔ محکمہ تعلیم کے پرنسپل سکریٹری آلوک کمار نے کی جانب سےجاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر کے دونوں صوبوں کے لیے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور باقی ملک کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ “یکساں تعلیمی کلینڈر” کے نفاذ کے لیے کمیٹی 30 اپریل کو تشکیل دی گئی تھی۔
مزید پڑھیں:کشمیر میں 21 ستمبر سے اسکول کھلیں گے
ایسے میں رہنما خطوط بھی جاری کیے گئے ہیں جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ جو طلباء 10ویں اور 11ویں جماعت کے امتحان میں شریک ہوں گے انہیں بورڈ کے امتحان کے اختتام کے بعد بالترتیب 11ویں اور I2ویں جماعت میں داخلہ دیا جائے گا۔ رہنما خطوط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن طلباء کو نتائج میں ناکام قرار دیا جائے، انہیں 11ویں اور 12ویں جماعت میں اپنی پڑھائی جاری رکھنے کی اجازت ہوگی جب تک کہ سالانہ پرائیویٹ امتحان کے نتائج کا اعلان نہیں ہو جاتا۔