پلوامہ: جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے بورڈنگ ہاؤس ترال میں بیساکھی کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں وادی بھر کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے سکھ عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مذہبی رہنماؤں نے عقیدت مندوں پر زور دیا کہ وہ گرونانک دیو جی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔ انتظامیہ کی جانب سے عقیدت مندوں کے لیے معقول انتظامات کیے گئے تھے۔ گزشتہ روز اے ڈی سی ترال شبیر احمد رینہ نے انتظامات کا ازخود جائزہ لیا تھا۔ Concluding Function of Baisakhi in Tral
تقریب کے دوران صحت عامہ، جل شکتی اور میونسپلٹی کے ملازمین ڈیوٹی پر حاضر رہے۔ اس دوران سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات بھی دیکھنے کو ملے اور کسی بھی امکانی گڑ بڑ سے نمٹنے کے لیے ڈرون سے نظر رکھی جا رہی تھی۔ اس دوران ہزاروں کی تعداد میں آئے سکھ عقیدت مندوں نے عالمی امن کے لیے دعائیں مانگی۔ اس موقع پر مقامی مسلمانوں کی ایک خاصی تعداد نے اختتامی تقریب میں شرکت کر کے سکھ برادری کو مبارک باد پیش کی۔
- یہ بھی پڑھیں: Sikh Community Celebrated Baisakhi: جموں و کشمیر میں بیساکھی کا تہوار جوش و خروش سے منایا گیا
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے سرینگر سے آنے والے منجیت سنگھ نے بتایا کہ 'کشمیر میں موجود بھائی چارے کی مثال دنیا میں کسی جگہ نہیں ملتی کیونکہ یہاں ہندو، مسلم اور سکھ سب ایک ساتھ پیار سے رہ رہے ہیں اور ایک دوسرے کو تہواروں پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اس روایت کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ضلع صدر پلوامہ ڈاکٹر شان سنگھ نے بتایا کہ 'ہر سال بیساکھی کے تیسرے روز یہ تقریب بورڈنگ ہاؤس میں منعقد ہوتی ہے کیونکہ یہ ایک مرکزی گوردوارہ ہے اور آج یہاں کی مقامی مسلم برادری نے یہاں حاضری دی اور ہمیں مبارکباد پیش کی۔'