پلوامہ: جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کا مشہور چشمہ بلبل ناگ سوکھ گیا جس سے تقریباً 40 دیہاتوں کو پینے کو پانی سپلائی کیا جاتا تھا۔ وادی میں امسال طویل خشک موسم دیکھنے کو ملا جس سے وادی کے بڑے آبی وسائل خشک ہو گئے۔
جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں امسال کم بارش ہوئی جس کی وجہ سے بہت سے قدرتی آبی وسائل سوکھ گئے جس سے ضلع پلوامہ کے اکثر علاقوں میں پینے کے پانی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ضلع پلوامہ کے نیوہ علاقہ میں بلبل ناگ جو کہ نیوہ کے زیادہ تر دیہاتوں کے پینے اور آبپاشی کے پانی کا اہم ذریعہ ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے خشک ہے اور عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حال کی بارشوں کی وجہ سے اس میں اب پانی آنا شروع ہو گیا ہے۔
اس سلسلے میں عبدالرشید وانی نے بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار بلبل ناگ چشمہ خشک ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدرتی آبی وسائل علاقے کے درجنوں دیہاتوں کو پینے اور آبپاشی کے پانی کا بنیادی ذریعہ ہیں اور چشمہ خشک ہونے سے ان علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے جس سے پانی کے بحران جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔'
مزید پڑھیں: کم برف باری کی وجہ سے کھیلو انڈیا ونٹر گیمز 2025 کی نئی تاریخوں کے اعلان سے گریز
مقامی فاروق احمد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جل شکتی نے چند ماہ قبل یقین دہانی کرائی تھی کہ علاقے میں پانی کی طلب کو پورا کرنے کے لیے بور ویل لگائیں گے لیکن آج تک اس حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا جس کی وجہ سے قدرتی آبی وسائل بلبل ناگ پر منحصر علاقوں میں پانی کے بحران جیسی صورتحال پیدا ہو گئی۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ وہ اس سنگین مسئلے پر توجہ دیں۔