مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کے نتائج کے بعد بیان بازی اور الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے۔ جہاں کوئی ہارنے والی پارٹیوں کو ہدف بنا رہا ہے تو کوئی شکست کے بعد اپنی ہی پارٹی کے رہنماؤں کو مایوس کن کارکردگی کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں۔
کولکاتا پورٹ اسمبلی حلقے سے جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے والے ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما اور وزیر فرہاد حکیم نے انڈین سیکولر فرنٹ کے سربراہ پیرزادہ عباس صدیقی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما و وزیر فرہاد حکیم نے عباس صدیقی کو لفٹ فرنٹ اور کانگریس کی ضمانت ضبط ہونے کا ذمہ دار قرار دیا۔
انہوں نے کہاکہ پچاس برسوں میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے جب لفٹ فرنٹ اور کانگریس کا ایک بھی نمائندہ اسمبلی میں نہیں ہوگا۔'ترنمول کانگریس کے رہنما کا کہنا ہے کہ دونوں پارٹیوں کے لیے اس سے بری بات اور کیا ہو سکتی ہے کہ دونوں کے لیے وجود کو بچانا مشکل ہوگیا۔'
فریاد حکیم کے مطابق سیاست کی دنیا میں عباس صدیقی ایک نا تجربہ کار سیاسی رہنما ہے۔ انہیں کاونسلر اور پنچایت پردھان کے عہدے کے لیے انتخاب لڑنے کا تجربہ نہیں ہے تو وہ اسمبلی انتخابات 2021 میں کیسے دوسروں کی جیت کی وجہ بنےسکتا ہے۔'
ترنمول کانگریس کے سینیئر رہنما اور وزیر فرہاد حکیم نے کہا کہ لفٹ فرنٹ اور کانگریس فرفرہ شریف کے پیرزادہ عباس صدیقی سے دوری بنا لیتی تو ان دونوں کو کچھ فائدہ ہو سکتا تھا۔'
انہوں نے کہاکہ ووٹوں کی گنتی جاری رہنے کے درمیان لفٹ فرنٹ اور کانگریس کے رہنما اپنے اپنے پارٹی دفتر میں تالہ لگا کر گھر واپس چلے گئے تھے۔ کہیں کانگریس کا دفتر ویران دکھائی دیا تو کہیں سی پی آئی ایم کے دفتر میں تالہ لگا ہوا نظر آیا۔'
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں حال ہی میں ختم ہوئے اسمبلی انتخابات میں لفٹ فرنٹ اور کانگریس نے اپنی تاریخ کی سب سے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔