ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے دیوبند علاقے میں'شہریت ترمیمی قانون کی حمایت میں گزشتہ روز دہلی میں ہوئے مسلم راشٹریہ منچ علماء کانفرنس کے پروگرام میں حصہ لینے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسلامیہ ڈگری کالج کے چیئرمین عظیم الحق صدیقی اور سید شارق حسین کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔
پتلا نذر آتش کرنے والوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ قوم کا سودا کرنے والوں کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔
شہر کے عیدگاہ روڈ پر واقع اسلامیہ ڈگر ی کالج کے چیئرمین عظیم الحق صدیقی اور سید شارق حسین نے گزشتہ کل دہلی میں سی اے اے کی حمایت میں ہوئے مسلم راشٹریہ منچ کے پروگرام میں حصہ لیا تھا۔
مذکورہ پروگرام کی ویڈیو اور فوٹو وائرل ہونے کے بعد لوگوں میں غصہ پیدا ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر زبردست بھڑاس نکالنے کے بعد سماج وادی پارٹی اسٹوڈینٹ ونگ کے سابق ریاستی سکریٹری فیصل حمیدی کی قیادت میں نوجوان اسلامیہ ڈگری کالج پہنچے اور نعرے بازی کرتے ہوئے دونوں کا پتلا نذر آتش کیا۔
مزید پڑھیں: جل جیون ہریالی کے لیے پورے بہار میں انسانی زنجیر
اس دوران فیصل حمیدی نے کہا کہ عظیم الحق آر ایس ایس کے دلال ہیں اور قوم کی دلالی کسی قیمت پر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اگر انہیں قوم کے خلاف ہی کھڑا ہونا ہے تو وہ اپنے کالج کا نام بدلیں، ورنہ ان کے کالج کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔