آج صبح تقریباً 11 بجے سی اے اے اور این آر سی کی مخالفت میں برقعہ نشیں خواتین نے گھروں سے باہر نکل کر اسلامیہ بازار سے پر امن پیدل مارچ شروع کیا۔ مارچ میں شامل خواتین نے مختلف نعرے لکھی تختیاں ہاتھوں میں اٹھا رکھی تھیں۔
انہوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے سی اے اے کے خلاف اپنے شدید غم وغصہ کا اظہار کیا اور اس کالے قانون کو واپس لینے کامطالبہ کیا۔ خواتین نے سی اے اے اور این آرسی کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی سے کہا کہ اس کالے قانون کے خلاف پورے ملک میں ہونے والے احتجاجیوں اور لوگوں کے مطالبات پر مثبت انداز میں غور و فکر کیا جائے۔
خواتین دارالعلوم چوک اور مسجد رشید سے ہوتے ہوئے خانقاہ پولیس چوکی پہنچیں اور انہوں نے وہاں موجود سی او چوب سنگھ کو صدر جمہوریہ کے نام میمورنڈم سونپا اور صدر جمہوریہ ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اس قانون کو منسوخ کریں۔ اس دوران یہ واضح نہیں ہوسکا کہ خواتین کا یہ مارچ کس کی قیادت میں نکلاگیا اور کس تنظیم کے تحت یہ مارچ نکلاگیا۔
پولیس انتظامیہ کے پاس دیوبند میں کسی طرح کے احتجاج کی اطلاع نہیں تھی، دیوبند سی او چوب سنگھ نے کہا کہ تقریباً پندرہ خواتین نے انہیں آج ایک میمورنڈم دیا ہے، جو انگریزی زبان میں صدر جمہوریہ ہند کے نام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میمورنڈم میں خواتین نے کسی تنظیم یا خود کے نام تحریر نہیں کیے ہیں۔خاتون روبینہ اور طالبہ نبیہ نے کہا کہ انہوں نے آج سی اے اے کے خلاف اسلامیہ بازار سے عیدگاہ تک پر امن مارچ نکالا اور سی او دیوبند کے توسط سے صدر جمہوریہ ہند کو میمورنڈم بھیجا، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس کالے قانون کو واپس لیں۔