بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے، بھوجپوری اسٹار اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ این ڈی اے کے پرچار کے لیے بہار پہنچے ہیں۔
اس دوران روی کشن نے کہا کہ ہم نے عوام کا مزاج دیکھا ہے، عوام چاہتی ہے کہ نتیش بہار میں دوبارہ حکومت بنائیں، این ڈی اے کثیر ووٹوں سے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی اور بے عیب شبیہ والے وزیراعلیٰ نتیش کمار ہی بہار کے تخت پر بیٹھیں گے۔ روی کشن نے یہ بھی کہا کہ چراغ کو وزیراعلیٰ سے معافی مانگنی چاہئے۔
بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ روی کشن نے کہا کہ کس بات کو لیکر چراغ پاسوان وزیراعلیٰ کو جیل بھیجنے کی بات کر رہے ہیں، اگر بہار میں شراب بند کردی گئی ہے تو وہ اسے جیل بھیجنے کی بات کر رہے ہیں یا خواتین اور لڑکیوں کو جو اعزاز دیئے جارہے ہیں اس میں انہیں کوئی پریشانی ہے؟
روی کشن نے کہا کہ وزیراعلیٰ نتیش کمار کے بارے میں چراغ پاسوان کا بیان غلط ہے۔ انہیں سی ایم نتیش کمار سے معافی مانگنی چاہئے، نتیش کمار مکمل طور پر بے داغ شبیہہ کے آدمی ہیں، انہوں نے بہار کی ترقی کے لیے مسلسل سوچا اور کام کیا ہے، ہمیں نہیں معلوم تھا کہ چراغ پاسوان ایسی گندی سیاست کریں گے۔
تیجسوی یادو پر طنز کستے ہوئے روی کشن نے کہا کہ انہوں نے صرف پیاز کی مالا پہنی ہوئی ہے، انتخابی نتائج آنے کے ساتھ ہی حزب اختلاف کے لوگوں کو الٹا لٹکنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ تیجسوی یادو کی ریلی میں منچلے لوگوں کا ہجوم ہوتا ہے، عوام کو معلوم ہے کہ اگر عظیم اتحادکی حکومت بنتی ہے تو بہار کا کیا ہوگا۔
واضح رہے کہ بہار میں تین مراحل میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، پہلے مرحلے میں 28 اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائنگے، دوسرا مرحلہ 3 نومبر اور تیسرا مرحلہ 7 نومبر کو ہوگا۔