ریاست بہار کے سمستی پور میں گزشتہ ماہ پیش آئے ماب لنچنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے رکن اسمبلی اختر الایمان نے متاثرین کو انصاف دلانے کی اپیل کی۔
واضح رہے کہ 21 جون کو بہار کے سمستی پور کے آدھاپور گاؤں میں ایک مسلم خاتون کو کئی وحشیوں نے درندگی کا شکار بناکر اسے بے دردی سے قتل کردیا تھا۔ اس کے علاوہ ان کی دو صاحبزادیوں کو شدید زد وکوب کیا گیا، تاہم وہ بال بال بچ گئیں۔
واضح رہے کہ جون کی 21 تاریخ کو آدھا پور کے سرون رائے کا قتل ہوا اس کے الزام میں صنوبر خاتون اور انور کو شرپسند عناصر نے بڑی بے دردی سے اذیت ناک موت دی، اتنا ہی نہیں ان کے گھر کو بھی جلاکر خاک کردیا گیا۔
ان کی دو بیٹیوں - جو انجینئرنگ کی طالبہ ہیں - کو ہجوم نے زد و کوب کیا جب کہ اس منظر پر مقامی باشندے اور پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔
مزید پڑھیں: امارت شرعیہ کے امیر شریعت کا انتخاب ملتوی
اس معاملے کو ایم آئی ایم کے رکن اسمبلی اختر الایمان نے بہار اسمبلی میں پیش کرتے ہوئے صنوبر انور اور سرون رائے کو انصاف دلانے اور متاثرین کو بیس لاکھ روپے معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔
ساتھ ہی انہوں نے ان بچیوں کو سرکاری نوکری دینے کے علاوہ ان کی تعلیم کے اخراجات برداشت کرنے کی بھی سفارش کی۔ اختر الایمان نے اس واقعے میں ملوث افراد کو اسپیڈی ٹرائل کے ذریعہ سزا دلائے جانے کا بھی مطالبہ کیا۔