ایک طرف جہاں تہواروں کے موقع پر لوگ خریداری و دیگر چیزوں میں مصروف ہوتے ہیں۔ وہیں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جن کی نظر خط افلاس سے نیچے زندگی گزار رہے ان لوگوں پر ہوتی ہے جن پر عوامی نمائندوں کی نظر نہیں ہوتی۔
ایسے میں مہیلا کلیان سمیتی نامی تنظیم نے ارریہ شہر کے ٹول ٹیکس واقع کشٹھ کالونی پہنچی اور غربت کی زندگی گزار رہے عوام و مریضوں کے درمیان لذیذ کھانا تقسیم کیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے محکمہ آفات کے آفیسر شمبھو کمار و ضلع پریشد کے چیئرمین آفتاب عظیم عرف پپو عظیم شریک ہوئے۔
اس کالونی میں تقریباً تین سو لوگوں کی آبادی ہے جو کشٹھ بیماری سے متاثر ہیں، اس لئے ان لوگوں کو شہر سے الگ آباد کیا گیا ہے۔ مگر ان لوگوں کے درمیان عام دنوں کی تو دور کی بات تہوار کے موقع پر بھی سرکاری سطح پر یا پھر کسی عوامی نمائندگان کی جانب سے دلجوئی کے لئے کسی طرح کا کوئی مخصوص نظم نہیں ہوتا جس سے یہ لوگ تہوار کے موقع پر بھی اچھا کھانے پینے اور پہننے سے محروم رہتے ہیں۔
مہیلا کلیان سمیتی کی سکریٹری سشمیتا ٹھاکر و ان کی پوری ٹیم کی جانب سے اس اقدام کو کافی سراہا گیا جو یقیناً قابل ستائش ہے۔
کیمپ میں موجود لوگوں کو کھانے میں بہترین چاول اور لذیذ چھولے پروسے، ساتھ ہی آم کا آچار، جس سے غریب بچوں نے سکم شیر ہو کر کھایا اور دعائیں دیں۔
اس موقع پر محکمہ آفات کے آفیسر شمبھو کمار نے مہیلا کلیان سمیتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اصل ضرورت مندوں کے درمیان اس طرح کے کام کرنے سے دلی خوشی ہوتی ہے اور معاشرے کو ایک اچھا پیغام جاتا ہے۔
ضلع پریشد کے چیئرمین آفتاب عظیم نے کہا کہ اصل خدمت خلق یہ چیز ہے، اس نہج پر دوسری تنظیموں کو بھی آگے آنا چاہیے تاکہ ایسے غریبوں کی صحیح معنوں میں خدمت کر کے آنے والوں کو ایک سبق دینا چاہیے۔
تنظیم کی سکریٹری سشمیتا ٹھاکر نے کہا کہ ہماری تنظیم کا مقصد کمزور، لاچار اور بے بس لوگوں تک پہنچ کر ان کی خدمت کرنا اور ان کے ساتھ کھڑا رہنا ہے۔
تنظیم کی رکن اسنیہا نے کہا کہ تہوار کی اصل خوشی ایسے لوگوں کے درمیان آ کر ملتی ہے، لوگ ہوٹلوں میں فضول خرچی تو کرتے ہیں مگر وہ خرچ یہاں کریں تو دونوں جہاں میں اس کا بہتر بدلہ ملے۔