محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری سنجے کمار نے بتایا کہ 'آج دو پہر میں آئی جانچ رپورٹ میں بکسر کے نیا بھوجپور میں ڈیرھ برس کی ایک بچی اور بکسر ٹاﺅن میں 22 برس کے ایک نوجوان، کیمور کے بھبھوا میں 45 برس کے ایک شخص اور کٹیہار کے صدل پور میں 30 برس کی ایک خاتون کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سبھی مریض، متاثرہ لوگوں کے رابطے میں آنے سے پازیٹیو ہوئے ہیں۔ ان کے بارے میں دیگر ضروری معلومات اکٹھا کی جا رہی ہیں۔
کمار نے بتایا کہ بہار میں اب تک کل 30 اضلاع کورونا انفیکشن کی زد میں آچکے ہیں۔ ان میں سے 95 مریضوں کے ساتھ مونگیر ضلع ریاست کا سب سے بڑا ہاٹ اسپاٹ ہے۔ ان متاثرین میں سے 21 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک مریض کی موت ہوچکی ہے۔ وہیں پٹنہ میں پازیٹیو مریضوں کی تعداد 44 ہے جن میں سے 12 صحتیاب ہو گئے ہیں۔ نالندہ میں 36 متاثرین میں سے 29 کورونا کو مات دے چکے ہیں۔
روہتاس میں 52 مریض ہیں اور ان میں سے ایک کو اسپتال سے چھٹی مل گئی ہے۔ سیوان میں 30 میں سے 25 اسپتال سے گھر لوٹ چکے ہیں۔ بکسر کے 55 میں سے 10صحتیاب ہوگئے ہیں۔ کیمور میں 28 متاثرین کا علاج چل رہا ہے۔