رواں برس بہار اسمبلی انتخاب کے پیش نظر بی جے پی کے ذیلی تنظیم بھاجپا یوتھ مورچہ نے ارریہ کالج کے ہال میں کارکنان کے ساتھ ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا۔
اجلاس کا افتتاح سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی و پنڈت دین دیال اپادھئے کی تصویر پر گلپوشی کرکے کیا گیا، پروگرام کی صدارت رکن پارلیمان پردیپ کمار سنگھ نے کی اور نظامت یوتھ مورچہ کے آکاش دیپ نے انجام دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھاجپا ضلع صدر سریش سرانہ نے کہا کہ یہ برس بہار کے لیے اہمیت کا حامل ہے، ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ امسال ارریہ سے تمام اسمبلی نشست پر کامیابی حاصل کرنی ہے۔
انھوں نے کہا کہ جب تک ہم ضلع سطح سے پارٹی کو مضبوط نہیں کریں گے تب تک ریاست میں ہماری حصہ داری نہیں ہوگی۔
رانی گنج کے سابق رکن اسمبلی رشی دیو نے کہا کہ کسی بھی پارٹی کی مضبوطی اس کے نوجوان ہوتے ہیں، اس انتخاب میں آپ نوجوانوں کا مضبوط ہونا ضروری ہے، پارٹی کے مفاد میں تمام گلے شکوہ بھول کر متحد ہونے کا وقت آچکا ہے۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمان پردیپ کمار سنگھ نے کہا کہ جس طرح نوجوان چلتا ہے اسی طرف زمانہ چلتا ہے، آپ نوجوان پرجوش ہو کر پارٹی کے ذریعہ کیے گئے کاموں کو زمینی سطح پر گاؤں گاؤں تک پہنچائیں۔
انھوں نے مزید وزیراعظم نریندر مودی نے بلا تفریق لوگوں کے لیے کام کیے ہیں اور کر رہے ہیں، ان کا ایک ہی عہد ہے کہ سب کا وکاس اور سب کا وشواس، وزیراعظم کی قیادت میں آج ارریہ بدل رہا ہے، ابھی آگے اور بدلے گا. یہاں جتنے بھی ترقیاتی کام ہو رہے ہیں یہ سب مودی جی کے ذریعہ ہی ہو رہا ہے.
اجلاس میں ضلع کارکنوں کو پردیپ کمار سنگھ نے شال پیش کر حوصلہ افزائی بھی کی. اجلاس سے خطاب کرنے والوں میں آلوک کمار بھگت، منٹو بھگت، رشی مشرا، وجے رانی وغیرہ کے نام شامل ہیں.