پٹنہ: بہار کے ضلع اراریہ میں کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا، اس دوروان انہوں نے ای وی ایم کے تعلق سے کہا کہ ای وی ایم 'مودی ووٹنگ مشین' ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ای وی ایم اب ای وی ایم نہیں ہے، ای وی ایم کا مطلب 'مودی ووٹنگ مشین' ہے، لیکن اس بار بہار کے نوجوان ناراض ہیں۔ اب ای وی ایم ہو یا ایم وی ایم، اتحاد کی جیت یقینی ہے۔
اس سے قبل مدھے پورہ میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا تھا کہ چھ برس قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ہر برس دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار ملے گا… مل گیا؟ نتیش کمار نے کہا تھا کہ وہ بہار کو بدلیں گے، کیا بہار بدلا…؟
مزید پڑھیں: کٹیہار میں فوڈ پروسیسنگ یونٹ اور صنعتیں قائم کی جائیں گی: راہل
راہل گاندھی نے مہاجر مزدوروں کے مسائل پر وزیر اعلی اور وزیر اعظم کی تنقید کی
راہل نے کہا کہ جب نوجوان یہ سوال پوچھتے ہیں کہ ہمیں روزگار کیوں نہیں دیا تو نتیش انہیں دھمکی دیتے ہیں۔ انتخابات میں جے ڈی یو کے سابق صدر شرد یادو کی بیٹی سبھاشینی یادو مدھے پورہ کے بہاری گنج سے میدان میں ہیں۔ راہل گاندھی نے سبھاشینی کے لیے ووٹ مانگے اور شرد یادو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سینئر سوشلسٹ قائد سے بہت کچھ سیکھا ہے۔