ریاست بہار کے کشن گنج ضلع میں ایک تکلیف دہ حادثہ پیش آیا ہے۔ حادثہ کشن گنج پولیس اسٹیشن کے علاقے سلام کالونی کا ہے۔ یہاں ایک ہی خاندان کے 5 افراد آگ سے جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک شخص سمیت چار معصوم بچے شامل ہیں۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت نور عالم اور ان کے گھر کے چار بچوں کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ اتوار کی دیر رات تمام لوگ گھر میں موجود تھے تبھی آگ لگنے کا حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے کی وجہ سے قریب میں واقع 4 مکانات بھی جل کر راکھ ہوگئے۔ نیز حادثے میں املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کر دیا۔ دوسری جانب ایک اور شخص کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے ، جسے علاج کے لئے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
موقع پر پہنچے ایس ڈی او شاہنواز اختر نیازی نے بتایا کہ متاثرہ کے اہل خانہ کو امدادی رقم مہیا کرائی جارہی ہے۔ تمام چار افراد کو چار لاکھ روپے معاوضہ بھی دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک آگ لگنے کی وجوہ کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں غم کا ماحول ہے۔