نوئیڈا پولیس کمشنر آلوک سنگھ نے اپنے ماتحت افسران اور پولیس اسٹیشن انچارج کے ساتھ سیکٹر 108 نوئیڈا میں واقع اپنے دفتر کے آڈیٹوریم میں اہم اجلاس منعقد کیا۔
اجلاس کا مقصد جرائم پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ پولیس کے طرز عمل میں شفافیت لانے اور بلا تفریق تحقیقات کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ ضلع میں امن و امان برقرار رہے۔
اجلاس کے دوران پولیس کمیشنر نے کہا کہ تھانے میں آنے والے تمام افراد کی ایف آئی آر 100فیصد بغیر کسی سفارش کے درج کرنے کے ساتھ ساتھ ضلع میں غیر قانونی اور بسوں کی جانچ پڑتال کرنے اور اس میں ملوث گروہوں کو پکڑ کر سخت کارروائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ہولی کے تہوار اور ضلع میں عام طور پر خواتین کے ساتھ بدسلوکی و بد اخلاقی کے واقعات کو روکنے کے لیے، تھانوں کے افسران اور اسٹیشن انچارجوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام تھانوں میں اینٹی رومیو ٹیم کو مزید فعال کرتے ہوئے خفیہ طریقے سے مہم چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ اینٹی رومیو ٹیم نے خواتین سے بدسلوکی اور ان کے خلاف جرائم کے سلسلے میں پبلک ٹرانسپورٹ پر توجہ دینے کی ہدایت دی ہے ساتھ ہی ضلع میں گاڑیوں کی چوری روکنے کے لیے خصوصی مہم چلاتے ہوئے متعلقہ گینگ کو گرفتار کرتے ہوئے سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ تمام ڈی سی پی ہر ماہ ٹاپ ٹین مجرموں کی فہرست تیار کریں گے۔ کمشنر پولیس نے 6 ماہ پرانی زیر التواء تحقیقات کو 4 دن میں نمٹا کر ان کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
جائزہ میٹنگ میں ہولی کے تہوار کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع میں خوشی اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ تہوار منانے کے سلسلے میں تھانہ کے تمام علاقوں میں امن کمیٹی کا اجلاس بلانے کے ہدایت دی گئی ہے۔
تمام تھانوں میں پولیس افسران اس ضمن میں جامع سطح پر تیاری کو یقینی بنائیں گے اور ہولی کے تہوار کے موقع پر سماج دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے مقصد سے پولیس افسران ایک ایکشن پلان تیار کریں گے اور تمام متعلقہ پولیس افسران اپنے اپنے علاقوں میں ایک وسیع دورے کو یقینی بنائیں گے تاکہ کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔