سماج وادی پارٹی کے کارکنوں نے نوئیڈا سیکٹر 11 کے جھنڈ پورہ گاؤں میں ہاتھرس اجتماعی جنسی زیادتی کی شکار بیٹی کی موت پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ اس دوران تمام کارکنان نے موم بتی روشن کر کے متاثرہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقعے پر سبھی نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے متاثرین کے لیے انصاف کا مطالبہ بھی کیا۔
اس موقع پر ایس پی رہنما راگھویندر دوبے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ' اترپردیش میں بہن بیٹیاں محفوظ نہیں ہیں۔ پوری ریاست پر مجرموں کی بالادستی قائم ہے۔ امن و امان مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے۔ رات کے وقت عجلت میں آخری رسومات ادا کرنا پولیس کی کارگردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔ انسانیت کو شرمسار کرنے والوں کو پھانسی دی جانی چاہیے اور اہل خانہ کو دھمکیاں دینے والے پولیس اہلکاروں کی بھی تفتیش کی جانی چاہیے اور سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔