ریاست اترپردیش کے ضلع نوئیڈا میں چائلڈ پی جی آئی کووڈ اسپتال میں زیر علاج ایک کورونا سے متاثرہ قیدی پولیس اور ڈاکٹروں سے بچتے ہوئے فرار ہوگیا، کورونا سے متاثرہ مریض کے فرار ہونے سے پولیس اور چائلڈ پی جی آئی انتظامیہ میں افراتفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔
واضح رہے کہ سیکٹر 8 کا رہائشی کورونا مثبت قیدی مار پیٹ کے معاملے میں دفع 151 کے تحت جیل میں تھا اور سیکٹر 30 میں واقع چائلڈ پی جی آئی کووڈ اسپتال میں کورونا مثبت قیدی کو تین پولیس اہلکار ہتھکڑی لگا کر پہنچے تھے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق پولیس اہلکاروں نے دوپہر کے وقت کھانا کھانے کے لیے قیدی کی ہتھکڑی کھول دی تھی اور قیدی کو چھوڑ کر پولیس اہلکار خود بھی کھانا کھانے چلے گئے تھے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیدی فرار ہوگیا۔
پولیس قیدی کی تلاش کر رہی ہے لیکن ابھی تک اس کے بارے میں کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے، ڈی ایم سہاس ایل وائی نے اس معاملے کو نوٹس میں لیا ہے۔