بارش کی وجہ سے شہر کے درجنوں نشیبی علاقے زیر آب ہو گئے۔ بندر محلہ، ٹنڈیل محلہ، سوداگر محلہ، دیوان شاہ، سمرو باغ، بھسار محلہ، کلیان ناکہ، گوپال نگر، پدمانگر، ندی ناکہ، کھاڑی پار، انجور پھاٹا، کلیان روڈ، سائی بابا بائی پاس، شیلار، سونالے سمیت شہر اور دیہی علاقوں کے تقریباً سبھی نشیبی علاقوں میں پانی بھر جانے سے عام زندگی متاثر ہے۔
شدید بارش کے سبب تکیہ امانی شاہ پر چار سے پانچ فٹ پانی بھر گیا۔ اسی طرح عید گاہ روڈ کی ہزاروں جھونپڑیوں میں کمر تک کھاڑی کا پانی بھر گیا تھا۔
موسلادھار بارش کی وجہ سے شہر کے درمیان میں واقع گوپال نگر میں تین سے چار فٹ اور شہر کی اہم مارکیٹ تین بتی میں کمر تک پانی بھر گیا۔ اس کے علاوہ شہر کے درجنوں علاقے ڈوب گئے ہیں۔ جس سے ہزاروں لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے۔
سونالے میں کشتی کے زریعہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ اس دوران لوگوں میں کارپوریشن کے تئیں شدید برہمی دیکھی گئی۔
شہر سے ملحق کھونی، کٹائی، سونالے، سرولی اور کون گاؤں، وغیرہ علاقے بھی پوری طرح زیر آب تھے۔ کئی جگہوں پر لوگ اپنے بچوں کو کاندھوں پر بیٹھا کر محظوظ مقامات پر منتقل ہوتے نظر آئے۔
اس دوران سماجی کارکنان اور نوجوانوں نے کئی جگہوں پر لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کرتے ہوئے نظر آئے لیکن یاں ضلع انتظامیہ اور کارپوریشن انتظامیہ کے اہلکار نظر نہیں آئے۔
اس مصیبت سے بے خبر کارپوریشن کا ایمرجنسی محکمہ کے لوگ بھی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو فون کر پانی بھرنے کے متعلق معلومات حاصل کر رہے تھے۔
بارش کے آغاز سے لے کر اب تک اہالیان شہر بارش کے سبب جن مسائل سے دوچار تھے وہ جوں کا توں برقرار ہے۔ جس سے شہریوں میں انتظامیہ کے تئیں شدید برہمی پائی جاتی ہے۔
بارش کے سبب ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا۔ اندون شہر کے ساتھ ہی بیرون شہر ممبئی ناسک شاہراہ پر زبردست ٹریفک کے سبب گاڑیاں کافی سست روی سے چل رہی تھیں۔