مہاراشٹرا کے شہر مالیگاؤں میں ’کرپشن کو مٹائیں، نیا بھارت بنائیں‘ کے زیرعنوان سمینار منعقد کیا گیا جس کو ناسک گرامین اینٹی کرپشن ڈویژن کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔ سمینار کا مقصد انسداد رشوت ستانی اور بدعنوانی کے خاتمہ کےلیے شعور بیدار کرنا تھا۔
سیمینار کا انعقاد قدوائی روڈ کے اسکس ہال میں منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ناسک اینٹی کرپشن بیورو کے ڈی وائے ایس پی، سنیل پاٹل نے انسداد رشوت ستانی سے متعلق تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ 26 اکتوبر تا یکم نومبر کو اس سلسلہ میں عوامی مہم چلائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کسی سرکاری ملازم کی جانب سے عوامی کام انجام دینے کے لیے رقم یا دوسرے فوائد حاصل کرنے کی کوشش غیرقانونی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رشوت خوری کو روکنے کا کام صرف اینٹی کرپشن بیورو کا نہیں ہے بلکہ عوام بھی اس کےلیے ذمہ دار ہیں، عوام کو چاہئے کہ وہ بیورو کے ساتھ ملکر کرپشن کا خاتمہ کرنے کےلیے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ کرکے ملک کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
مالیگاؤں: بچوں میں رولر اسکیٹنگ کا بڑھتا رجحان
ایک سوال کے جواب میں سنیل پاٹل نے کہا کہ اگر آپ سے کوئی رشوت طلب کرے تو فوری طور پر اینٹی کرپشن بیورو میں اس کی شکایت درج کرائیں، جس کے لیے اینٹی کرپشن بیورو کا ٹول فری نمبر 1064 کے علاوہ موبائیل ایپ acbmaharashtra.net پر بھی شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔