ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں رسائٹ اکیڈمی کے زیر اہتمام دو ہفتے کی ٹریننگ کے بعد طلباء کے درمیان اسکالرشپ امتحان گزشتہ روز رائل کالج آف فارمیسی میں منعقد کیا گیا۔ اس امتحان میں 110 طلباء و طالبات نے شرکت کرکے اپنی ذہنی استبداد کا مظاہرہ کیا۔
امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو رسائٹ اکیڈمی کی جانب سے دو ہزار روپے سے لےکر بیس ہزار روپے تک کی تعلیمی اسکالرشپ دی جائے گی اس کے علاوہ اسی نسبت سے آئی ٹی کے مختلف کورسز میں داخلہ بھی دیا جائے گا۔
کشادہ کمروں میں ایک گھنٹہ امتحان دینے کے بعد امتحان میں شریک طلباء نے ایک تربیتی پروگرام میں شرکت کی۔ تربیتی پروگرام کا آغاز حافظ غفران اشرفی کی تلاوت سے ہوا۔ بعد ازاں جمہور ہائی اسکول کے معاون معلم اعجاز صدیقی نے طلباء کے روبرو حالات سے نمٹنے کا گُر بتایا، وہیں اس دوران طلباء کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
رائل کالج فارمیسی کے پروفیسر عبدالرحمن بخشی نے مختلف کیرئیر سے متعلق طلباء کی رہنمائی کی، ساتھ ہی انہوں نے مقصد کے تعین پر بھی خصوصی بات کی۔
رسائٹ ٹوڈے یوٹیوب چینل کے چیف کاشف سمن نے رسائٹ اکیڈمی کا اجمالی تعارف کے علاوہ کمپیوٹر گیمس بنانے کی مہارت، ڈیجٹل مارکیٹنگ میں ہنرمندی کا خلاصہ بھی پیش کیا۔
رسائٹ اکیڈمی کے انچارج رئیس احمد نے آئی ٹی کورس کی ضرورت، اہمیت اور افادیت اور روزگار سے کس طرح منسلک ہوں، کی وضاحت کی۔
طلباء وطالبات کو خصوصی رائل کالج کیمپس کی سہولیات سے متعارف بھی کروایا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ تربیتی ورکشاپ میں خاتون سوسائٹی کے چیئرمین رضوان عبدالمطلب، رائل کالج فارمیسی کالج کے تدریسی و غیر تدریس عملہ معاون و مددگار رہا۔