ممبئی کے کنگ سرکل، نل بازار، بھنڈی بازار، سانتاکروز، ملن سب وے، پریل اور نائیگاؤں جیسے نشیبی علاقے زیر آب ہیں۔
موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی جگہوں پر ٹریفک کو منتقل کر دیا گیا جبکہ پٹریوں پر پانی جمع ہونے سے ریلوے خدمات بھی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی سے زیادہ رائے گڑھ اور کوکن میں طوفانی بارش کا زور ہے اور اب بھی وہاں بارش ہو رہی ہے۔
سینٹرل ریلوے کی لوکل ٹرینیں دھیمی رفتار سے چلائی جا رہی ہیں جبکہ کرلا، سائن اور دادر کے درمیان پٹریوں پر پانی جمع ہو گیا ہے۔
اندھیری میں موسلادھار بارش کی وجہ سے سڑک پر کچھ نظر نہیں آنے کی وجہ سے کاروں کی ٹکر میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن کی پریس ریلیز کے مطابق ممبئی میں منگل کی رات ہونے والی بارش کے نتیجے میں قلابہ میں 171 ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سانتاکروز میں صبح ساڑھے پانچ بجے تک 58 ایم ایم بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
میونسپل کارپوریشن کے مطابق گھر سے نکلنے سے پہلے موسم کا حال جان لیں اور بہت ضروری کام ہونے پر ہی گھر سے نکلیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو تین روز تک کہیں پر موسلادھار اور کہیں پر رک رک کر بارش ہونے کی پیشن گوئی کی ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی میں موسلادھار بارش کے دوران ملاڈ اور ڈونگر میں پیش آنے والے حادثے کئی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔