امت شاہ نے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، محکمہ موسمیات اور ساحل محافظ دستہ کے حکام کے ساتھ میٹنگ میں طوفان کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
محکمہ موسمیات کی طرف سے کہا گیا کہ جنوب مشرقی اور مشرقی وسطی بحیرہ عرب اور لکشدیپ علاقہ میں ایک دباو کا علاقہ بنا ہوا ہے جس کے آئندہ 12گھنٹے میں تیز ہونے اور 24گھنٹوں میں سمندری طوفان کی شکل اختیار کرنے کا اندیشہ ہے۔ اس طوفان کے گجرات، مہاراشٹراور دمن دیو کے کچھ حصوں سے ٹکرانے کا اندیشہ ہے۔
بعد میں وزیرداخلہ امت شاہ نے گجرات اور مہاراشٹر کے وزرائے اعلی اور دادر ناگر حویلی اور دمن اینڈ دیو کے منتظمین کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میٹنگ کی۔ انہوں نے ان ریاستوں کو مرکز کی طرف سے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا اور صورتحال سے نمٹنے کے لئے وسائل اور دیگر ضرورتوں کی معلومات مرکز کو دینے کی ہدایت دی۔
اس درمیان ڈیزاسٹر ریسپانس فورس نے گجرات میں 13، مہاراشٹر میں 16اور مرکز کے زیرانتظام ریاستوں میں ایک ایک ٹیم پہلے ہی تعینات کردی ہے۔ گجرات کے لئے دو اور مہاراشٹر کے لئے سات ٹیموں کو تیار رکھا گیا ہے۔
ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیمیں ذیلی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے میں ریاستوں کی مدد کررہی ہیں۔