ریاست مہاراشٹر میں کورونا وائرس کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ریاست کے اکثر سرکاری و نجی اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے لیے بیڈ بھی دستیاب نہیں ہیں، اس کے علاوہ شہر مالیگاوں کے اسپتالوں میں بھی مریضوں کے لیے بیڈ کی قلت ہورہی ہے۔
بیڈ کی قلت کو دور کرنے کے لیے مالیگاوں شہر کی معروف سماجی تنظیم بارہ بلتے دار سنگھٹنا نے تقریباً 40 بیڈ پر مشتمل رام رحیم کووڈ سینٹر قائم کیا ہے، جس میں پر بیڈ آکسیجن پائپ کی سہولت دی گئی ہے، اس کے علاوہ ماہر نرسنگ اسٹاف و ڈاکٹروں کی ٹیم بھی ہر وقت موجود رہے گی۔
اس تعلق سے بارہ بلتے دار سنگھٹنا کے ذمہ دار بنڈو کاکا بچھاو نے کہا کہ شہریوں کی تکالیف کو سمجھتے ہوئے یہ رام رحیم کووڈ سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور یہاں تمام اقسام کی سہولیات بھی فرام کی گئی ہیں، لیکن ایک مسئلہ یہ درپیش ہے کہ تنظیم اپنی جانب سے آکسیجن سلینڈر اور ریمیڈیسور کی فراہمی کو یقینی نہیں بناسکتی اس کے لیے حکومت اور ذمہ دار شہریوں کا تعاون درکار ہے۔
واضح رہے کہ رام رحیم کووڈ سینٹر شہر و دیہی علاقوں کے ضرورت مند مریضوں کے لیے قائم کیا گیا ہے جس میں ہندو مسلم سمیت دیگر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اپنی خدمات انجام دیں گے۔