کلیان محکمہ صحت نے 31 مارچ کو نئی دہلی سے کلیان آنے والے تبلیغی جماعت کے 25 اراکین کی طبی جانچ کی تھی مگر کسی بھی اراکین کی کووِ ڈ-19 رپورٹ مثبت نہیں آئی۔ اس کے باوجود انہیں کورنٹائن کیا گیا تھا اور 14 دن بعد سبھی کو چھٹی دے دی گئی۔ چونکہ بھارت بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے اس لئے سبھی کو ڈومبیولی میںبی ایس یو پی کی ایک خالی پڑی عمارت میں رکھا گیا ہے۔
کلیان دیہی اسمبلی حلقہ کے رکن اسمبلی پرمود عرف راجو پاٹل نے میونسپل کمشنر وجے سوریہ ونشی کو ایک مکتوب دیتے ہوئے ڈومبیولی کے پاتھرلی علاقہ میں واقع بی ایس یو پی کی عمارت میں 25 تبلیغی جماعت کے اراکین کو رکھنے کی سخت مخالفت کر تے ہوئے انہیں ڈومبیولی کے شہریوں کے لئے خطرہ بتاتے ہوئے اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تبلیغی جماعت والوں سے کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیلنے کا قوی امکان ہے۔ راجو پاٹل نے تھانے ضلع کے نگراں وزیر ایکناتھ شندے کو ٹویٹ کر کے بی ایس یو پی کی عمارت میں رہائش پذیر تبلیغی جماعت کے اراکین کوفوراً شہر بدر کرنے کا شر انگیز مطالبہ بھی کیا ہے۔
تبلیغی اراکین کی منفی رپورٹ کے باوجود کورنٹائن میں رکھے گئے۔
مارچ میں کلیان شہر میں نئی دہلی سے 25 افراد پر مشتمل ایک جماعت آئی تھی جس کا دہلی مرکز سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اس کے باوجود مقامی ذمہ داران نے بازار پیٹھ پولیس اسٹیشن سے رابطہ قائم کر کے سبھی ارا کین کی طبی جانچ کروائی تھی۔ مذکورہ سبھی افراد کی کورونا وائرس کی رپورٹ منفی آنے کے بعد بھی انہیں 14 دن تک بھیونڈی کے ٹاٹا آمنترا کے آئسولیشن سینٹر میں رکھا گیا اور 14 اپر یل کی شام سبھی جماعت اراکین کو چھٹی دے دی گئی۔ چونکہ لاک ڈاؤن کے سبب آمد ورفت کے سبھی ذرائع بند ہیں اس لئے کے ڈی ایم سی کے محکمہ صحت نے سبھی ارا کین کو ڈومبیولی بھیج دیا جہاں اُن کے رہنے اور کھانے پینے کا معقول انتظام کیا گیا ہے۔
راجو پاٹل کے اس طرح کی سرانگیزی کو لیکر مسلمانوں میں شدید ناراضگی ہے۔
واضح ہوکہ مہاراشٹر میں ایم این ایس نے کلیان دیہی اسمبلی حلقہ کی واحد سیٹ پر نہایت ہی معمولی ووٹوں کے فرق سے جیت درج کیا تھا۔ اس اسمبلی حلقہ میں مسلمان رائے دہند گان نے راجو پاٹل کو یک طرفہ ووٹ دے کر کامیاب بنایا تھا۔ راجو پاٹل نے راج ٹھاکرے کی راہ پر چلتے ہوئے مسلم دشمنی کا ثبوت پیش کیا ہے۔
اب تبلیغی جماعت کے ساتھیوں جن کی رپورٹ منفی آئی ہے، انہیں شہر بدر کر نے کا اشتعال انگیز مطالبہ کر رہے ہیں۔