پربھنی کے ایم آئی ڈی سی علاقہ میں رہنے والا یہ شخص 15 روز قبل پونہ سے پربھنی واپس آیا تھا۔ طبیعت خراب ہونے پر اسے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ آج اس کی روپورٹ مثبت آنے پر ضلع میں تشویش اور خوف پھیل گیا ہے۔
کووڈ 19 سے علاقہ مراٹھواڑہ بری طرح متاثر ہوتا جا رہا ہے۔ آج اورنگ آباد شہر میں مزید 3 افراد کی کورونا وائرس پازیٹیو رپورٹ ملنے سے کھلبلی مچ گئی ہے اور نگ آباد میں مریضوں کی تعداد میں لگاتار اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب یہ تعداد 28 ہو گئی ہے۔
آج جو 3 نئے مریض ملے ہیں، ان میں بسم اللہ کالونی کی ایک 65 سالہ خاتون شامل ہے۔ اس سے قبل کل شہر کے بائیجی پورہ علاقے کے ایک 17 سالہ نوجوان کی رپورٹ مثبت آئی تھی، آج اس کی والدہ جو حاملہ بتائی جا رہی ہیں، ان کی رپورٹ بھی مثبت آئی ہے۔ اسی طرح کراڑ پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ نوجوان کی رپورٹ بھی مثبت آنے سے صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے اور عوام کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔
لوگوں کو تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ حالات کی سنگینی کو محسوس کریں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ انتہائی ضرورت پر ہی گھر سے باہر نکلیں۔ بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔