مرکزی وزیر رام داس اٹھاؤلے نے گزشتہ روز کہا کہ اگر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار قومی جمہوری اتحاد(این ڈی اے) میں شمولیت اختیار کرتے ہیں تو انہیں مرکزی وزارت کا ایک بڑا عہدہ مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا کے ساتھ رہنے میں کوئی فائدہ نہیں۔
رام داس اٹھاؤلے نے کہا کہ شیوسینا کو دوبارہ این ڈی اے میں شامل ہوجانا چاہیے، اگر شیوسینا این ڈی اے کے ساتھ نہیں آتی ہے تو میں اپیل کرتا ہوں کہ شردپوار ریاست کی ترقی کے لیے این ڈی اے میں شامل ہوجائیں ۔
انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں (این سی پی کے سربراہ) شرد پوار سے ریاست کی ترقی کے لیے این ڈی اے میں شامل ہونے کی اپیل کرتا ہوں۔ مستقبل میں انہیں ایک بڑا عہدہ مل سکتا ہے۔ شیوسینا کے ساتھ رہنے میں کوئی فائدہ نہیں ہے ۔
واضح رہے کہ سنہ 2019 کے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے 105 سیٹوں پر جیت درج کی تھی، جب کہ شیوسینا کو 56 سیٹیں ملی تھی، تاہم شیوسینا نے این ڈی اے سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس کے ساتھ مل کر حکومت بنائی ، جس کے وزیر اعلی شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے منتخب ہوئے۔