مہاراشٹر کے بھیونڈی شہر سے ملحق سُرئی گاؤں میں رہائش پذیر سنتوش سالوی نے 40 انڈے خریدے تھے جس میں سے کچھ انڈے پلاسٹک کے بتائے جا رہے ہیں جنہیں فوڈ اینڈ ڈرگز ایڈمنسٹریشن محکمہ نے تحقیقات کے لیے فورینسک لیب میں بھیج دیا ہے۔
اطلاع کے مطابق سنتوش سالوی نے یہ انڈا ممبئی ناسک شاہراہ مانکولی میں واقع کرشنا سوپر مارکیٹ سے خریدا تھا۔ ان کی بیوی منیشا نے ان میں سے کچھ انڈے بچوں کو کھلانے کے لیے جب اُبالا تو اس کے چھلکے کے ٹکڑے کچھ الگ طرح سے نکلنے لگے۔ اتنا ہی نہیں اس کا ذائقہ اور بو بھی عام انڈے کی طرح نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کچھ شک ہوا۔ اس کے بعد منیشا نے یہ بات اپنے شوہر کو بتائی۔ شوہر سنتوش نے جب غور سے دیکھا تو ان میں سے کچھ انڈوں کی سائز بھی انہیں عام انڈوں سے الگ نظر آئی۔ اس کے بعد جب انہوں نے انڈوں کو توڑ کر دیکھا تو اس کے اندر کے زرد حصے (زردی) کی بو بھی کچھ عجیب لگی۔ سنتوش نے فوراً اس کی اطلاع تھانہ میں واقع فوڈ اینڈ ڈرگز ایڈمنسٹریشن محکمہ کے دفتر میں دی۔
اطلاع موصول ہوتے ہی ایف ڈی اے انسپکٹر مانک جادھو نے سنتوش کے گھر جا کر 6 انڈے جانچ کے لیے اپنے قبضے میں لے کر ان کی جانچ کے لیے اسے فورینسک لیب میں بھیج دیا۔ اب جانچ کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ اصل میں انڈے پلاسٹک کے ہیں یا کچھ اور؟
تاہم دیہی اور شہری علاقوں میں پلاسٹک کے انڈوں کی خبر پھیلتے ہی انڈے کھانے والوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ انہیں شبہ ہے کہ گذشتہ برس سے ہی بھیونڈی میں پلاسٹک کے انڈے ملنے کی افواہ نے کیا اب حقیقت کی شکل اختیار کرلی ہے؟