مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے متصل بھیونڈی کے شاہ پور تعلقہ میں واقع حکومت کے زیر انتظام چلنے والے ایک آشرم اسکول میں دسویں جماعت میں زیر تعلیم طالبہ انجلی گروناتھ پاردھی کی خودکشی کا معاملہ الجھتا جارہا ہے۔
نابالغ طالبہ کی خودکشی پر شک کو لے کرپ ولیس نے نو دنوں بعد انجلی کی لاش نکال کر اسے پوسٹ مارٹم کے لئے جے جے اسپتال بھیج دیا ہے۔
پولیس کے مطابق شاہ پور تعلقہ کے راس گاؤں کی رہنے والی انجلی گروناتھ پاردھی حکومت کے زیر نگرانی میں چلنے والے آشرم اسکول کی دسویں جماعت کی طالبہ تھی۔
اطلاع کے مطابق انجلی گنیش اُتسو کے دوران راس گاؤں میں واقع اپنے گھر آئی تھی،اس نے 11 ستمبر کی دوپہر تقریبا ڈیڑھ بجے اپنے گھر پر ہی گلے میں پھندا لگا کر خود کشی کر لیا تھا۔
انجلی کے والد گروناتھ پاردھی نے خود کشی کرنے کی اطلاع پولیس اور آشرم اسکول انتظامیہ کو دیئے بغیر ہی اس کی آخری رسوم کی ادائیگی کرتے ہوئے اسے دفن کردیا تھا، پولیس کو اطلاع دیئے بغیر ہی آخری رسوم کی ادائیگی کرنے پر شک ظاہرکرتے ہوئے راس گاؤں کے ایک شخص بالو برورا نے واسند پولیس سے تفتیش کا مطالبہ کیا تھا۔
ادھر تہوار گزر جانے کے بعد بھی جب انجلی آشرم اسکول واپس نہیں گئی تو آشرم اسکول کے صدر مدرس،خاتون سپرٹنڈنٹ اور ٹیچروں نے اس کی خیریت لینے کے لیے جب انجلی کے گھر پہنچے توانہیں انجلی کی خودکشی کے متعلق بتایا گیا۔
انجلی کی خودکشی کی خبر کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے صدر مدرس نے اس کی اطلاع فوری طور پر قبائلی پروجیکٹ آفیسر ارون جادھو کو دی۔
انجلی نے خود کشی اور بنا بتائے آناًفاناً اس کی لاش کو کیوں دفن کیا گیا، اس کی جانچ پولیس کر رہی ہے۔
شاہ پور کی تحصیلدار نیلما سوریہ ونشی،محکمہ صحت کی افسر ڈاکٹر تارولتا دھانکے،قبائلی ترقیاتی افسر اور واسند پولیس کی موجودگی میں لاش دفن کرنے کے تقریباً نو دنوں بعد زمین سے نکال کر اسے پوسٹ مارٹم کیلئے ممبئی کے جے جے اسپتال میں بھیج دیا گیا ہے۔
دسویں جماعت کی طالبہ انجلی پاردھی کی موت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے حکومت کی جانب سے تعلقہ سطح کی جانچ کمیٹی تشکیل دیکر تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
تفتیش کے لیے شاہ پور کی تحصیلدار نیلما سوریہ ونشی اور ڈاکٹر تارولتا دھانکے اور قبائلی ترقی کے سیکشن توسیعی افسر نے جمعرات کو واسند پولیس سے تفصیلی معلومات حاصل کیا، اور اس کے گھر جا کر پوچھ گچھ کیا۔
جہاں اس کی موت کا سبب خودکشی بتایا گیا ہے۔ لیکن اس نے خود کشی کیوں کی؟ اس کی معلومات نہیں مل پائی ہے۔
واسند پولیس نے انجلی پاردھی کی موت کے معاملے میں ابتدائی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اس معاملے میں مختلف زاویوں سے تحقیقات جا رہی ہے۔