چند دنوں قبل مالیگاؤں شہر میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب ضلع کلکٹر کی جانب سے نائٹ کرفیو اور ہفتے میں دو دن مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے لیکن اب ان سرکاری رہنمایانہ خطوط اور احکامات کی خلاف ورزی کے تعلق سے روز بروز شکایتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔
اس تعلق سے گزشتہ روز سب ڈویژنل مجسٹریٹ ڈاکٹر آنند وجئے شرما نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ پابندی کے باوجود سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے لوگوں اور نجی اداروں کے خلاف تعزیری کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ اس طرح کے نجی اداروں کو چھ ماہ تک کے لیے سیل کردیا جانا چاہئے۔
کورونا کے تعلق سے لگائی گئی پابندیوں اور ضلع کلکٹر کے احکامات کی خلاف ورزی کے واقعات میں اضافہ ہوتا دیکھ پرانت آفس میں محصول، پولیس اور کارپوریشن کے عہدیداروں کی مشترکہ میٹنگ عمل میں لائی گئی۔
اس کے بعد تمام افسران اور پولیس انتظامیہ جمعرات کی گزشتہ روز شام چار تا دس بجے تک مذکورہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے۔ اس ضمن میں اب تک 42 شہریوں سمیت چار دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ساتھ ہی ان سے تقریباً 27 ہزار روپے تک کا جرمانہ بھی وصول کیا گیا۔
پرانت آفیسر ڈاکٹر شرما نے کہا کہ حکومت کا کوئی ارادہ نہیں ہے کہ وہ شہریوں سے جرمانہ وصول کرے لیکن شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ صحت و انتظامیہ کے اصول و ضوابط پر سختی سے عمل کریں-
انھوں نے مزید کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر ابتدائی تعزیراتی کارروائی کی جا رہی ہے اور آئندہ احکامات تک خلاف ورزی کرنے والے اداروں کو سیل کردیا جائے گا۔