راشٹریہ لوک دل کے سربراہ جینت چودھری نے رامپور کے تحصیل بلاسپور میں آر ایل ڈی کی ریلی کو خطاب کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے اپنی بات چیت کے دوران رامپور کے رکن پارلیمان اعظم خاں کے خلاف حکومت کی کارروائیوں پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ دنوں کافی بیمار رہے ان کی ایک تصویر جب سوشل میڈیا پر شائع ہوئی تو ان کی حالت دیکھ کر کافی افسوس ہوا۔
اس موقع پر انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی پارٹی آر ایل ڈی گذشتہ اسمبلی انتخابات کی طرح اس مرتبہ بھی سماجوادی پارٹی کے ساتھ اتحاد کرکے 2022 کا اسمبلی چناؤ لڑنے جا رہی ہے۔ لکھیم پور کھیری واقعہ پر وزیر اعظم مودی کو اپنی سخت تنقیدوں کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اترپردیش کے وزیر مملکت مودی جی کے پسندیدہ وزیر ہیں لیکن کسانوں کی نظر میں وہ قاتل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
رامپور: کانگریس خواتین ونگ کا اجلاس منعقد
انہوں نے کہا کہ آر ایل ڈی کی حکومت بننے پر سب سے پہلے زراعت سے متعلق تینوں متنازع قوانین کی واپسی کے لئے حکومتی سطح سے جدوجہد کی جائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسانوں کے تمام بقایا معاف کئے جائیں گے اور ان کی آمدنی کو دوگنا کرنے کی سمت میں عمل درآمد کیا جائے گا۔