ریا ست اتر پردیش کے ضلع میرٹھ کے شاستری نگر سیکٹر 13 کی رہنے والی ہما صدیقی نے پی سی ایس جے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
پی سی ایس جے میں کامیابی حاصل کرکے جج بنی ہما صدیقی کو ان کے اہل خانہ سمیت پورے شہر کے لوگ مبارکباد پیش کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہما صدیقی کا آبائی وطن مظفرنگر کے قصبہ جانسٹ میں ہے، مگر اب وہ کئی برسوں سے میرٹھ میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہ رہی ہیں۔
انکےوالد عبدالحق کا انتقال ہو چکا ہے اور والدہ اکثر بیمار رہتی ہیں گھر کی ذمہ داری ہما کے بڑے بھائی التمش اور جنید سنبھالتے ہیں۔
ہما صدیقی نے میرٹھ کالج سے ایل ایل بی کیا ہے اور اب وہ میرٹھ کالج سے ایل ایل ایم کر رہی ہیں۔
ہما نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انکی اس کامیابی کے پیچھے ان کے اہل خانہ اور انکے استاذ کی محنت شامل ہے انہوں نے یہ بھی کہا کہ پہلے وہ ڈاکٹر بننا چاہتی تھیں لیکن بعد میں انہوں نے اپنا ارادہ بدل کر وکالت کی لائن منتخب کر لیا۔
ہما نے بتا یا کہ ایل ایل بی کے دوران انہوں نے کچھ دنوں تک کوچنگ کی اس کے بعد روزانہ 8 گھنٹے ذاتی مطالعہ کرتی رہیں، جس کے وجہ سے انہوں نے پی سی ایس جے کے انتہائی مشکل ترین امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محنت اور لگن سے منزل آسان ہوجاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جج بننے کے بعد وہ لوگوں کو وقت مقررہ پر انصاف دینے کی کوشش کریں گی۔