میرٹھ میں عمر قید کی سزا یافتہ اور ڈھائی لاکھ کے انعامی بدمعاش بدن سنگھ بدّو کی فراری کے پیش نظر اس کے مکان کی قرقی کیے جانے کے بعد آج اس کی کوٹھی کو بھی ایم ڈی اے اور پولیس کی نگرانی میں زمین دوز کردیا گیا۔
ریاست اترپردیش میں شاطر بدمعاشوں کے لیے یوگی حکومت ان کے مصیبت کی شکل میں سامنے آرہی ہے۔ بدمعاشوں کے خلاف سلسلے وار کارروائی کرتے ہوئے میرٹھ میں بھی سزا یافتہ ڈھائی لاکھ روپے کے انعامی بدمعاش بدن سنگھ بدّو کے مکان کی قرقی کے بعد آج میرٹھ میں واقع اس کی عالی شان کوٹھی کو بھی منہدم کردیا گیا۔
اس موقع پر ایم ڈی اے اور پولیس کا بڑا عملہ موجود رہا تاکہ کارروائی کے دوران دوسرے مکانوں کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہ پہنچے۔
میرٹھ کے پولیس کپتان کا کہنا تھا کہ بدن سنگھ بدّو کی گرفتاری کے پیش نظر پولیس مسلسل کوشش کررہی ہے اور آج کی کارروائی بھی اسی کا حصہ ہے تاکہ اس طرح کے شاطر بدمعاشوں کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے بھیجا جا سکے۔
میرٹھ میں شاطر بدمعاش بدن سنگھ بدّو کی تقریباً 35 برس پرانی عمارت کو آج پولیس نے زمین دوز کردیا اور اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ اب اترپردیش میں بدمعاشوں کے لیے کوئی پناہ گاہ نہیں ہے۔