یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے ضمن میں جاری رہنما ہدایات پر سختی سےعمل کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ پوری سختی و تادیبی کاروائی کی جائے۔ریاستی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے کہ بغیر ماسک کے باہر نکلنے والوں پر 500روپئے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا پہلے یہ رقم100روپئے تھی۔
یوپی میں 55گھنٹوں کے لاک ڈاؤن کا آغاز جمعہ کی رات 10بجے سے ہوگو جوکہ پیر کی صبح 5بجے تک رہے گا۔اس ضمن میں ریاستی اڈیشنل سکریٹری(داخلہ)اونیش اوستھی نے کہا کہ تمام بازار،آفسیں،منڈیان اور دیگر کاروباری ادارے بند رہیں گے۔
تاہم ایمرجنسی خدمات جیسے اسپتال،میڈیکل،ضروری اشیاء کی ہوم ڈلیوری پہلے کی طرح جاری رہے گی نیز ضروری خدمات سے وابستہ ملازمین اپنی ڈیوٹی جوائن کر نے کے لئے اپنا شناختی کارڈ دکھا کر سفر کرسکیں گے ان پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
دیگر پرائیویٹ پبلک ٹرانسپورٹ کے ساتھ بین شہری بسیں نہیں چلیں گی لیکن گھریلو اڑانیں اور ٹرین معمول کے مطابق چلیں گی۔اس کے ذریعہ آنے والے مسافروں کی سہولیت اور ان کی منزل مقصود تک پہنچانے کے لئے ریاست کی جانب سے بسوں کا خصوصی انتظام کیا جائےگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعمیرائی کام چاہئے وہ سرکاری ہو یا پرائیویٹ اس کو پابندی سے مستثنی رکھا گیا ہے۔دیہی علاقوں کی صنعتی یونٹیں معمول کے مطابق کام کرسکیں گی لیکن شہری علاقوں میں انہیں فیکٹریوں کو اجازت ہوگی جہاں پروڈکشن کا عمل لگاتار جاری رہتا ہے۔
اڈیشنل چیف سکریٹری نے کہا کہ دو دنوں کے لاک ڈاؤن کے درمیان دیہی و شہری علاقوں میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔جس میں فاگنگ کے علاوہ کورونا وائرس اور متعدی بیماریوں کے کے لئے ڈور ٹو ڈور سرویلانس کو یقینی بنایا جائے گا۔