اترپردیش میں پنچایت انتخابات کے چوتھے اور آخری مرحلے کے لیے آج 17 اضلاع میں صبح 7 بجے سے شروع ہوگئی ہے جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ کووڈ پروٹوکول سے متعلق تفصیلی رہنما اصول الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے دوران تمام ڈی ایم کو دیے ہیں۔
پنچایت انتخابات کے چوتھے اور آخری مرحلے میں 2 لاکھ 10 ہزار 853 عہدوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے موصولہ معلومات کے مطابق ضلع پنچایت ممبروں کے 738 عہدوں کے لیے 11 ہزار 743 نامزدگی ہوئی تھی۔ اس میں سے 255 نامزدگی کے کاغذات کو منسوخ کردیا گیا اور 800 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے، اس کے بعد ضلع پنچایت ممبر کے عہدے پر 10 ہزار 688 امیدوار رہ گئے ہیں۔
کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلنے کی وجہ سے ان پولنگ پارٹیوں میں خوف وہراس پایا جا رہا ہے جو ووٹنگ کے آخری مرحلے کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ اس بحران کے درمیان ان میں بہت خوف ہے۔
ریاستی الیکشن کمشنر منوج کمار نے متعلقہ تمام 17 اضلاع کے ضلع الیکشن آفیسران اور کمیشن کے ذریعہ بھیجے گئے مبصرین کو سخت ہدایات دی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پنچایت انتخابات پرامن اور غیرجانبدارانہ انداز میں کروائے جائیں۔ کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو متعلقہ ضلع مجسٹریٹ اور پولیس کیپٹن کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
چوتھے مرحلے کے لیے بلندشہر، ہاپور، سنبھل، شاہجہان پور، علی گڑھ، متھرا، فرخ آباد، باندہ، کوشامبی، سیتا پور، امبیڈکر نگر، بہرائچ، بستی، کشی نگر، غازی پور، سونبھدر اور مئو اضلاع میں آج ووٹنگ ہو رہی ہے۔