فرانس میں پیش آئے حالیہ معاملے کے تعلق سے معروف شاعر منور رانا کا بیان تنازع کا باعث بنتا جا رہا ہے۔ اس بیان کے سامنے آنے کے بعد اترپردیش کے ریاستی وزیر محسن رضا نے اپنے سخت تبصرہ میں شاعر منور رانا کا نام لیے بغیر ان کے خلاف ناشائستہ زبان کا استعمال کیا اور ان کی تذلیل کرنے کی کوشش کی۔
اقلیتی بہبود کے وزیر مملکت محسن رضا نے مشہور شاعر منور رانا کا نام لیے بغیر سخت لہجے میں کہا کہ پورے ملک نے شاعر کی آڑ میں ایک دہشت گرد اور بہروپیہ کو دیکھا ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ دہشت گردی کی حمایت کرنے والے اس شاعر کو عزت بخشنے والے کون لوگ ہیں؟
وزیر محسن رضا نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ آج منور رانا کس کی آڑ میں یہاں تک پہنچ گیا کہ اسے اتنا حوصلہ مل گیا کہ اس نے دہشت گردانہ واقعہ کی حمایت کردی۔
محسن رضا نے سماج وادی پارٹی اور کانگریس پر بھی حملہ کرتے ہوئے یہ سوال کیا کہ جب انکی حکومت تھی تو اس شاعر کو اسٹیج پر اتنی عزت کیوں دی گئی؟
محسن رضا نے کانگریس سے بھی سوال کیا کہ اس شاعر کی بیٹی کو کانگریس کی رکنیت کیوں دی گئی؟ محسن رضا نے کانگریس پر الزام لگایا کہ اس شاعر اور اس کی بیٹی کو کانگریس پارٹی نے صرف اس وجہ سے آگے بڑھایا کہ یہ آپ کا ووٹ بینک ہے۔
خیال رہے کہ فرانس میں ہونے والے واقعے پر منور رانا نے کہا ہے کہ 'اگر میں اس جگہ (اس طالب علم کی جگہ) پر ہوتا تو میں بھی ایسا ہی کرتا، منور رانا نے کہا کہ آپ لوگ تنازعہ کو جنم دے کر لوگوں کو مشتعل کررہے ہیں، محمدﷺ کا ایک متنازع کارٹون بنا کر اس طالب علم کو قتل کرنے پر مجبور کیا گیا، اگر میں اس طالب علم کی جگہ ہوتا تو میں بھی وہی کرتا جو اس نے کیا تھا'۔
انھوں نے مزید کہا تھا کہ مذہب ایک ماں کی طرح ہے اگر کوئی خراب کارٹون بناتا ہے یا آپ کی والدہ کو گالی دیتا ہے تو اسے قتل کرنا جرم نہیں ہے۔ اس کے علاوہ منور رانا نے لارڈ رام کے بارے میں بھی واضح لفظوں میں کہا کہ اگر کوئی بھگوان رام کا متنازعہ کارٹون بناتا ہے تو میں اسے بھی مار ڈالوں گا۔
اصل میں منور رانا یہ کہنے کی کوشش کر رہے تھے کہ کسی بھی مذہب کی سرکردہ شخصیت کی تذلیل کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جانی چاہیے کیوں کہ مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی اجازت کسی کو بھی نہیں دی جاسکتی ہے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو سماجی تانہ بانہ بکھر جائے گا۔