اترپردیش کے شہری علاقوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں کچھ کمی ضرور واقع ہوئی ہے لیکن گاؤں اور دیہاتوں میں حالات ابھی بھی تشویشناک بنے ہوئے ہیں۔
اترپردیش کی دارلحکومت لکھنؤ کے اسٹیٹ تکمیل الطب کالج کے انچارج پروفیسر حکیم عبدالقوی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران بتایا کہ 'کورونا وائرس' سے گھبرانا نہیں ہے بلکہ پوری احتیاط سے وبائی مرض سے خود کو اور دوسروں کو محفوظ بھی رکھنا ہے۔
حکیم عبدالقوی نے بتایا کہ تمام لوگ سماجی دوری، دن میں کئی بار ہاتھ دھونا اور صحیح طریقے سے ماسک لگانا یقینی بنائیں۔ اگر گھر میں کسی کو علامات ظاہر ہوں تو ماسک ضرور لگائیں تاکہ دوسرے لوگ اس سے محفوظ رہیں۔
اس کے علاوہ گھر میں بخور یعنی کہ 'دھونی دینا' بہتر ہوتا ہے۔ اس میں کافور، صندل یا لوبان کا استعمال کر سکتے ہیں، ہر روز کئی بار بھپارا لینے سے راحت ملتی ہے۔ بھپارا صرف گرم پانی کا لے سکتے ہیں اور پانی میں عرق عجیب ملا کر بھپارا لینے سے زیادہ بہتر نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔
حکیم عبدالقوی نے بتایا کہ کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے کورونا وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
1۔ قوت مدافعت: دودھ یا پانی کے ساتھ ہلدی پاؤڈر ملا کر رات میں پینے سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے اور آپ بیماری سے بچ سکتے ہیں۔ یہاں غور کرنے والی بات ہے کہ ہلدی کو اس وقت تک دودھ میں پکانا چاہیے، جب تک اس میں سرخی نہ آ جائے۔ اس کے علاوہ ہلدی کے ساتھ ادرک، کالی مرچ اور لونگ بھی ملایا جا سکتا ہے۔
2۔ اشوگندھا: اس کے استعمال سے بھی جسمانی طاقت میں اضافہ ہوتا ہے اور بیماریوں سے آپ کو بچاتا ہے۔
3۔ تریاق نزلہ: نزلہ زکام کے علامات ہوں یا وبائی امراض میں یہ نسخہ استعمال کرنے سے آرام ملتا ہے۔ اس دوا کو روزانہ 3 سے 5 گرام استعمال کرنا چاہیے۔
4۔ عرق عجیب: کافور، ست پودینہ، ست اجوائن کے نسخے کو رومال یا سوتی کپڑے میں لے کر رکھ لیں اور دن میں تین سے چار بار گہری سانس لے کر اندر کھینچے۔
حکیم عبدالقوی نے بتایا کہ اگر کسی کو بہت تیز بخار ہو تو اسے ڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہیے اور مرکزی حکومت نے جو ایڈوائزری جاری کی ہے، اس میں عرق عجیب کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے۔
عرق عجیب کو آپ گھر میں بھی بنا سکتے ہیں لیکن بڑے احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے، بہتر ہوگا کہ اسے خرید کر استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ چھوٹے بچوں کو سیدھے منہ کے پاس نہیں لگانا چاہیے انہیں نقصان ہوسکتا ہے لہذا ان کے کپڑوں میں یا گردن کے پاس کالر میں عرق عجیب لگا دینا چاہیے۔
اگر کسی کو یہ بآسانی مہیا نہ ہو تو چاہیے کہ وہ ایلائچی اور کافور لے کر کسی سوتی کپڑے میں باندھ لے اور دن میں تین سے چار بار ناک کے پاس لے جاکر گہری سانس لینا چاہیے، اس سے فائدہ ہوتا ہے۔
تکمیل الطب کالج کے انچارج پروفیسر حکیم عبدالقوی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ کوئی بھی ضرورت مند مجھے 9826212048 پر صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک فون پر بات کر کے اپنی پریشانی بتا سکتا ہے۔